یمن: حوثی اور حکومتی فورسز میں قیدیوں کا تبادلہ مکمل
یمن: حوثی اور حکومتی فورسز میں قیدیوں کا تبادلہ مکمل
اتوار 16 اپریل 2023 16:09
ہفتے کو 357 قیدیوں نے سعودی شہر ابھا اور صنعا کے درمیان رہائی کا سفر کیا۔ فوٹو اے ایف پی
یمن کے حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز نے اتوار کو تقریباً 900 قیدیوں کے تین مرحلوں میں تبادلے کے آخری موقع پر سینکڑوں قیدیوں کو رہا کر کے مرحلہ مکمل کر لیا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق قیدیوں کے تبادلے سے دونوں فورسز کے درمیان طویل جنگ کے خاتمے کی امید میں اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا اور حکومت کے زیر کنٹرول شمالی شہر ماریب سے قیدیوں کو لے جانے والے طیاروں نے ایک ہی وقت اڑان بھری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چند افراد کو وہیل چیئر پر ریڈ کراس کے طیاروں تک لے جایا گیا جب کہ رہائی پانے والے تمام قیدیوں میں روزہ افطاری کے فوڈ پیکٹ بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صنعا ائیرپورٹ پر حوثی جنگجوؤں نے اپنے ساتھیوں کی آمد کے موقع پر ان کے استقبال کے لیے تلواروں کے ساتھ علاقائی رقص پیش کیا۔
انٹرنیشنل ریڈ کراس کی میڈیا ایڈوائزر جیسیکا موسان نے بتایا ہے کہ ماریب سے صنعا جانے والی پرواز میں اڑتالیس افراد سوار تھے جب کہ صنعا سے ماریب جانے والی پرواز میں 42 سابق قیدی موجود تھے۔
حکومتی مذاکرات کار ماجد فضل نے بتایا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کی طرف سے موت کی سزا پانے والے چار صحافی تبادلے کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت مکمل ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی یمن کے شہر صنعا اور حکومت کے زیر کنٹرول شہر عدن کے درمیان 318 قیدیوں کو چار پروازوں کے ذریعے لے بھیجا گیا جہاں ان کے اہل خانہ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے موجود تھے۔
دریں اثنا گزشتہ روز ہفتے کو 357 قیدیوں نے سعودی شہر ابھا اور صنعا کے درمیان رہائی کا سفر کیا اس موقع پر رہائی پانے والوں میں سعودی شہری بھی شامل تھے۔
مزید برآں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ دونوں جانب مزید کتنے قیدی جیلوں میں موجود ہیں۔