ہمدردی کے جذبے کو فروغ دیں، غریب بچوں کو احساس کمتری سے بچائیں، مولانا خلیل اللہ، خواجہ وقار الدین، میر عارف علی اور شمیم کوثر کا خطاب
جدہ ( امین انصاری )خاک طیبہ ٹرسٹ نے استقبال رمضان سیمینار کا انعقاد جدہ کے مقامی ہوٹل میں کیا ۔ سیمینار کی نگرانی ٹرسٹ کے ٹرسٹیز محمد شمیم کوثر،اعجاز احمد خان ، سید خواجہ وقار الدین اور احمد عبدالحکیم نے کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اپنے دامن میں رحمتوں ، مغفرتوں اور دوزخ سے آزادی کا پروانہ لئے آرہا ہے ۔ ہمیں اس ماہ صیام میں اپنے رب کو منالینا چاہئے ۔ مولانا نے کہا کہ رمضان خیر خیرات اور قیام و سجود کا مہینہ ہے اس ماہ میں نیکیوں کے درجات بڑھادیئے جاتے ہیں اور روزے دار کے ہر نیک عمل پر ثواب دیا جاتا ہے حتی کہ اس کے سونے کو عبادت میں شامل کیا جاتا ہے ۔ مولانا خلیل اللہ اویس نے کہا کہ دنیا میں انسان جو بھی عمل کرتا ہے وہ کسی نہ کسی کو معلوم ہوجاتا ہے جیسے خیر ،خیرات ، زکوٰة ، فطرہ ،عطیہ دیتے ہیں تو لینے والے کو معلوم ہوجاتا ہے کہ کس نے دیا لیکن روزہ ایک ایسی عبادت ہے جو بندہ جب تک اپنے منہ سے اقرار نہ کرے کسی کو معلوم نہیں ہوتا کہ وہ روزے دار ہے ۔ زکوٰة کے مسائل بیان کرتے ہوئے مولانا خلیل نے کہا کہ ہم اپنی آمدنی کا ڈھائی فیصد سال میں ایک بار اللہ کی راہ میں دیتے ہیں اس کا مقصد پریشان مسلمانوں کی مدد کرنا ہے جب ہم اپنی مال کی زکواة نکالتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ہمارے مال کا محافظ اور نگہبان ہوتا ہے۔ مولانا نے زکوٰة کا اصلی حقدار یتیم و بے سہارا افراد کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ہم پہلے اپنے خاندان کے افراد سے شروع کریں ۔اللہ کی رضا کیلئے زکواة نکالیں ، نام و نمود کیلئے نہیں ۔ سیمینار کی کارروائی سید خواجہ وقار الدین نے چلائی۔ انہوں نے اس موقع پر سامعین کو خاک طیبہ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول اور سلائی سینٹرز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے انتہائی غریب خاندان کے جنہیں خاک طیبہ ٹرسٹ عوام کے تعاون سے یونیفارم ، کتابیں اور دیگر سہولیات دیکر زیو ر علم سے آراستہ کررہی ہے ۔شمیم کوثر ٹرسٹی نے کہا کہ محدث دکن اسکول جو اس وقت 850 طلباءو طالبات کو تعلیم دے رہے ہیں۔ وہ معاشرے کے انتہائی بچھڑے ہوئے طبقات سے تعلق رکھنے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہیں دیگر نامور انگلش میڈیم اسکول کی ٹکر کی تعلیم دے رہے ہیں تاکہ ہمارے بچے کسی احساس کمتری کا شکار نہ ہوں ۔ انہوں نے اس موقع پر ٹرسٹ کا تعاون کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ٹرسٹ میر عارف علی نے کہا کہ بہت جلد ہم آپ کے تعاون سے جونیئر کالج کی عمارت تعمیر کرینگے تاکہ ہمارے طلباءاپنے کالج میں تعلیم حاصل کرسکےں ۔ پروجیکٹر میں عمران کوثر نے شاندار طریقے سے ٹرسٹ کی کارکردگی کو پیش کیا اور بتایا کہ امسا ل دسویں جماعت کا نتیجہ 100 فیصد رہا جواساتذہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ۔ اس موقع پر خاک طیبہ ٹرسٹ کے بروچر کا اجراءمولانا خلیل اویس بخاری کے ہاتھوں عمل میں آیا ہے جس کو عظمت عمران نے تیار کیا ۔ سید خواجہ مظفر کے شکریہ پر سیمینار کا اختتام عمل میں آیا ۔