Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں شدید گرمی، بارشوں کے لیے نماز استسقا کی ادائیگی

مقامی پولیس سربراہ کے مطابق ’نمازیوں نے درجہ حرارت میں کمی اور ہیٹ ویو سے حفاظت کے لیے بھی دعائیں کی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں 60 برس میں سب سے گرم دن کے بعد سینکٹروں مسلمانوں نے ایک کھلے میدان میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈھاکہ پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کو پانچ سو سے زائد نمازیوں نے آفتاب نگر کی گراؤنڈ میں مشہور عالم شیخ احمد اللہ کی امامت میں نماز استسقا ادا کی۔
مقامی پولیس سربراہ عبدالکلام آزاد کا کہنا تھا کہ ’انہوں (نمازیوں) نے بارشوں کے لیے دعائیں کی۔ انہوں نے درجہ حرارت میں کمی اور ہیٹ ویو سے حفاظت کے لیے بھی دعائیں کی۔‘
17 کروڑ کی آبادی پر مشتمل بنگلہ دیش موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور یہاں متواتر مہلک سیلاب اور مسلسل بے ترتیب بارشیں ہوتی ہیں۔
محمکمہ موسمیات سے تعلق رکھنے والی افروزہ سلطانہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ عام طور پر اپریل اور مئی میں ہونے والی بارشیں اس برس نہیں ہوئیں اور ملک چار اپریل سے غیر معمولی طور پر گرم موسم کی لپیٹ میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اتوار کو ڈھاکہ میں درجہ حرارت 40.6 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جو 30 اپریل 1965 کے 42 سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

شیئر: