تیونس کتب میلہ: سعودی عرب کے اسٹال پر قلمی نسخوں کی نمائش
تیونس کتب میلہ: سعودی عرب کے اسٹال پر قلمی نسخوں کی نمائش
پیر 1 مئی 2023 20:41
کتب میلہ 7 مئی تک جاری رہے گا(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ لائبریری انتظامیہ کی جانب سے تیونس میں منعقدہ بین الاقوامی کتب میلے میں اپنے اسٹال پرتاریخی قلمحی نسخے بھی رکھے ہیں ۔
سعودی خبررساں ادارے’ایس پی اے‘ کے مطابق لائبریری کی جانب سے 28 اپریل سے 7 مئی تک تیونس میں ہونے والے 37 ویں بین الاقوامی کتب میلے میں متعدد تاریخی قلمی نسخے پیش کیے ہیں۔ وزارت اسلامی امورکی جانب سے کتب میلے میں اپنے پویلین کا ایک گوشہ تاریخی قلمی نسخوں کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔
اہم قلمی نسخوں میں 1270ھ مطابق 1853 کا لکھا ہوا قرآن پاک کا ایک قلمی نسخہ بھی ہے علاوہ ازیں الشاطبیہ، حرز الامانی نامی کتاب کا قلمی نسخہ ہے جو 724ھ مطابق 1324 میں تحریر کیا گیا تھا۔
اسی طرح 786ھ مطابق 1384 کے دوران تحریر کیا جانے والا امام النووی کا الاذکار نامی قلمی نسخہ بھی ہے۔ ابن دقیق العید کی معروف کتاب ’الاحکام الاحکام‘ کا قلمی نسخہ بھی شائقین کے لیے سمجایاگیا ہے یہ نسخہ 793ھ مطابق 1390 میں تحریر کیا گیا تھا۔
التوشیح علی الجامع الصحیح للامام السیوطی کا قلمی نسخہ بھی رکھا گیا ہے یہ 995ھ مطابق 1586 میں تحریر کیا گیا تھا۔ ابن حجر الھیثمی المکی کی کتاب ’الفتح المبین‘ کا قلمی نسخہ بھی ہے جو 975ھ مطابق1567میں قلمبند ہوا تھا۔ النھجہ المرضیہ شرح الالفیہ للسیوطی کا قلمی نسخہ بھی ہے جو 884ھ مطابق 1479 میں تحریر کیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ اور بھی کئی تاریخی علمی کتابوں کے قلمی نسخے سجائے گئے ہیں۔