قانون کی خلاف ورزیاں، ایک ہفتے میں 11 ہزار سے زائد غیرملکی گرفتار
گرفتارشدگان میں اقامہ ، سرحد اورقانون محنت کی خلاف ورزی کرنے والے شامل تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں اقامہ وسرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر مملکت کے مختلف علاقوں سے 11 ہزار سے زائد غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں جاری مہم کے دوران 27 اپریل سے 3 مئی 2023 تک 11 ہزار 77 غیرملکیوں کوتفتیشی ٹیموں نے حراست میں لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں 5 ہزار 845 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جبکہ 4 ہزار 25 کو سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پرگرفتار کیا گیا اور12 سو 7 غیرملکیوں کو قانون محنت کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے غیرقانونی افراد کو پناہ، روزگار اورقیام کی سہولتیں فراہم کرنے پر19 افراد کو حراست میں لیا جن کے خلاف مقدمہ قائم کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔