امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی پاکستان سفر کرنے والوں کے لیے ایڈوائزری
امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی پاکستان سفر کرنے والوں کے لیے ایڈوائزری
بدھ 10 مئی 2023 10:58
احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں پھوٹ پڑنے والے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
امریکہ کی وزارت خارجہ نے 9 مئی کو اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے باعث ٹریفک میں خلل متوقع ہے جس کی وجہ سے 10 مئی کی تمام کاؤنسلر اپوائنٹمنٹس کینسل کی جاتی ہیں۔‘
امریکی مشن نے اپنے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اٹھانے اور پُرہجوم جگہوں سے دور رہنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری
دوسری جانب برطانیہ بھی اپنے شہریوں کو سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے سابق قبائلی اضلاع کے ساتھ ساتھ چار سدہ، ٹانک بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لوئر دیر سے سفر سے گریز کریں۔
اس کے علاوہ پشاور، مردان اور بلوچستان کے شہروں کا سفر نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
برطانیہ کی ایڈوائزری میں مانسہرہ رنگ روڈ اور چلاس انٹرچیج سمیت لائن آف کنٹرول کے 10 کلومیٹر قریب سفر نہ کرنے کا مشورہ بھی شامل ہے۔
اسی طرح نواب شاہ سمیت سندھ کے شمال اور ساحلی شہر گوادر کا نام بھی ٹریول ایڈوائزری میں شامل ہے۔
کینیڈا کی سفری ہدایات
کینیڈا کی حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان میں سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
کینیڈا نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی کی صورت حال بے یقینی کا شکار ہے۔ وہاں دہشت گردی، عوامی ہنگاموں، گروہی تشدد اور اغواء کے خطرات ہیں۔
کینیڈا نے اپنے شہریوں کو افغانستان کی سرحد کے 50 کلومیٹر قریب، چین، انڈیا اور ایران کے بارڈر اور لائن آف کنٹرول کے 10 کلومیٹر قریب سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ مانسہرہ سے چلاس جانے والی قراقرم ہائی وے، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، بلوچستان،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع کے نام شامل ہیں۔
کینیڈا کی حکومت نے اپنے شہریوں کو کراچی میں غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔