9 مئی کا دن 16دسمبر 1971 کے بعد المناک ترین دن تھا: شہباز شریف
شہباز شریف کہا کہ عمران خان نے ’ذاتی انتقام کی آگ بجھانے کی خاطر مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بھیجا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پوری قوم کو تقسیم کر دیا ہے اور یہ زہر اب ہر جگہ پہنچ گیا ہے۔
جمعے کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پوری قوم تقسیم در تقسیم ہو گئی اور یہ زہر ہر جگہ پہنچ چکا ہے، زندگی کے ہر طبقے میں پوری طرح سرایت کر گیا ہے۔‘
انہوں نے عمران خان کو سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے ریلیف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ’ذاتی انتقام کی آگ بجھانے کی خاطر مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بھیجا، کیا اس وقت کسی عدالت نے سو موٹو لیا۔‘
’آج ایف آئی اے اور نیب نے جو کیسز بنائے ہیں، ان کی اپنی ایک آزاد حیثیت ہے، تو انہوں نے آج اگر اصلی کرپشن اور غبن کے مقدمات بنائے ہیں تو اس پر جس طرح عدلیہ عمران خان کو محفوظ رکھنے کے لیے آہنی دیوار بن چکی ہے اس کی مثال پاکستان میں تو کیا دنیا میں نہیں ملتی۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران نیازی فاشسٹ ڈکٹیٹر ہے۔9 مئی کا دن 16دسمبر 1971 کے بعد المناک ترین دن تھا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔ جھوٹے کاغذ لہرا کر عوام کو تقسیم کیا گیا۔ عمران خان کے دور میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ عمران خان اور ان کے حواری مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’لاڈلے کی کرپشن کو جس طرح تحفظ دیا جا رہا ہے۔ یہ این آر او دینے کے مترادف ہے۔ ہم نے اپنے خلاف جھوٹے مقدمات اورانتقامی کارروائیوں کو صبروتحمل سے برداشت کیا۔ عمران نیازی کی حکومت میں کابینہ نے ایک بند لفافے کی منظوری دی لیکن اس منظوری کی حساسیت کو مدنظررکھتے ہوئے عدالت نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ آئین اورقانون کی عمل داری کویقینی بنایا جائےگا اس کے نتائج جو بھی ہوں، ان کا سامنا کریں گے۔