پاکستان آنے کی خوشی ہے، باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے: سعودی نائب وزیر داخلہ
پاکستان آنے کی خوشی ہے، باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے: سعودی نائب وزیر داخلہ
بدھ 17 مئی 2023 12:44
سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ ہے اور باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے خوشی ہو رہی ہے، بالخصوص جن امور پر بات چیت ہوئی اور دونوں طرف سے جن کی منظوری دی گئی۔
سعودی نائب وزیر داخلہ کے اعزاز میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا جس میں کابینہ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
سعودی نائب وزیرداخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دریں اثنا، سعودی نائب وزیر داخلہ اور رانا ثنا اللہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ منصوبے میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
معاہدے کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی جس سے حجاج کو بے وجہ انتظار اور زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعلقات آج سے نہیں بلکہ ان کی ایک طویل تاریخ ہے اور تمام سعودی قیادت اور عوام اس کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔
ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز نے مزید کہا ’امید ہے کہ یہ باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے اور یہی ہماری خواہش ہے۔‘
سعودی نائب وزیر داخلہ نے اپنے پورے وفد کی جانب سے مہمان نوازی اور عزت افزائی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی صفت آج سے نہیں بلکہ وہ بہت عرصے سے اس کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور اس کا تجربہ انہیں پاکستانی طالب علموں کے ساتھ وقت گزار کر ہوا تھا اور بعد میں یونیورسٹی سے جب اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو ساتھی پاکستانی ٹیچرز میں بھی یہی خاصیت دیکھنے کو ملی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے سعودی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر داخلہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، روڈ ٹو مکہ منصوبے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز سے ملاقات میں سعودی سفارتکار کے قتل کا معاملہ اور اس حوالے سے سعودی عرب کے مطالبے پر بھی غور کیا گیا، اس کے علاوہ برمی مسلمانوں کے مسئلے پر سمجھوتہ ہوا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس مرتبہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ سے 26 ہزار عازمین حج مستفید ہوں گے جس کو سعودی نائب وزیر نے 40 ہزار تک بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست پر عازمین حج کو یہ سہولت آئندہ سال سے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس پر بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دس لاکھ پاکستانیوں کو باوقار ذریعہ معاش فراہم کر رہا ہے، پاکستانی پروفیشنل اور افراد قوت مملکت کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
سعودی سفارتکار کے قتل کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی: رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللّٰہ کی سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔
بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو، سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
ملاقات میں روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی جس سے حجاج کو بے وجہ انتظار اور زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے گا۔
اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا چکا ہے۔ ملاقات میں اسے منصوبے کا اگلے مرحلے میں کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر بھی آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب آج وزیر اعظم ہاوس میں منعقد کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’اس منصوبے نے پاکستانی حجاج کو بے پناہ سہولت اور آسائش فراہم کی ہے اور اس ضمن میں ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔‘
سعودی نائب وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی خواہش تھی کہ اس منصوبے کا آغاز سب سے پہلے پاکستان سے کیا جائے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ہماری پوری کوشش ہے کہ سعودی سفارتکار کے 2011 میں قتل کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔‘
ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے برمی مسلمانوں کے مسئلے کو بھی باہمی مشاورت اور رضامندی سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیر داخلہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ سے سعودی جیلوں میں معمولی جرائم میں قید پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی پر استفسار کیا۔
سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ 108 پاکستانی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی قیدیوں کے کیسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔‘
سعودی نائب وزیر داخلہ نے اس قسم کے قیدیوں کی جلد رہائی ممکن بنانے کی یقین دہانی کرائی۔