Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہلت سےفائدہ اٹھاکر غیر قانونی تارکین اپنے ملک روانہ ہوجائیں، جوازات کا انتباہ

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن جنہوں نے مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے فائنل ایگزٹ ویزے حاصل کر لئے ہیں وہ فوری طور پر اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں ۔ تاخیر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ جوازات کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ایوان شاہی کی جانب سے 90 روزہ مہلت دی گئی ہے جس کا آغاز 29 مارچ سے ہوا ہے ۔ مہلت ختم ہونے میں صرف 38 دن باقی رہ گئے ہیں اس لئے وہ افراد جنہوں نے خروج نہائی ویزے حاصل کر لئے ہیں اور ابھی تک سفر نہیں کیا وہ فوری طور پر اپنے سفر کا بندوبست کریں ۔ امن عامہ کے اداروں کی جانب سے تفتیشی مراحل شروع کئے جارہے ہیں دوران تفتیش گرفتار کئے جانے والے وہ افراد جن کے فائنل ایگزٹ ویزے اسٹمپ ہو چکے ہیں اور انہو ںنے سفر نہیں کیا انہیں جرمانے اور قید کی سزا ہو گی اور ایسے افراد کو مملکت کیلئے بلیک لسٹ کر دیا جائیگا اور وہ تمام سہولتوں سے محروم ہو ں گے جو مہلت کے دوران انہیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ ترجمان جوازات نے مزید کہا کہ مملکت میں غیر قانونی مقیم افراد کو قیام کی سہولت فراہم کرنے والے بھی مجرم تصور ہوئے جاتے ہیں اس لئے ایسے افراد کو پنا ہ نہ دی جائے جو غیرقانونی طور پر مقیم ہیں نہ ہی انہیں کسی قسم کا روزگا فراہم کیا جائے اور نہ ایسے افراد کو سفری سہولت فراہم کی جائے ۔ غیر قانونی طور پر مقیم افرادکو روزگا ر اور پنا ہ دینے والے سعودی شہری اور غیرملکی مقیمین بھی قانون شکنی کے مرتکب ہو نگے ایسے افراد کو پناہ دینے والوں کو بھی سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ واضح رہے وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے غیر قانونی تارکین جو عمرہ ، زیارت ، حج یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے ہیں ان کے لئے عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے جس میں غیر قانونی مقیم ا فراد پر عائد جرمانے معاف کر کے انہیں ملک روانہ ہونے کے لئے کہا گیا ہے جو افراد اس مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے ملکوں کو روانہ ہو رہے ہیں انہیں کسی قسم کے جرمانے ادا نہیں کرنے ہو ں گے اور نہ ہی انہیں مملکت آنے کیلئے بلیک لسٹ کیا جائے گا وہ کسی بھی ویزے پر کسی بھی وقت مملکت آسکتے ہیں۔ واضح رہے مہلت ختم ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر تفتیشی مہم شرو ع کی جائیگی جس میں ان افراد کو بھی گرفتار کیا جائیگا جو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو روزگا یا رہائش فراہم کئے ہوئے ہونگے ۔

شیئر: