سعودی عرب میں 12 ہالیڈے ان ایکسپریس ہوٹل کھولنے کا منصوبہ
معاہدے کے مطابق دو ہزار 500 کمروں پر مشتمل ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ہاسپٹلٹی اور سیاحت کے شعبے میں آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس اور تشييد فار ہوٹل آپریشنز کے ساتھ ترقی اور سرمایہ کاری کی ایک نئی لہر دیکھنے کو ملے گی جس میں 1.3 بلین ریال کی لاگت سے 12 نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے میں سعودی عرب میں دو ہزار 500 کمروں پر مشتمل ہالیڈے ان ایکسپریس ہوٹلوں کی تعمیر شامل ہو گی جس کا پہلا سیٹ جون 2025 تک جدہ میں کھولا جائے گا۔
انڈیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر ھیثم مطر نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی وژن 2030 نے ہاسپٹلٹی اور سیاحت کی صنعت کے لیے زبردست مواقع پیدا کیے ہیں۔ ہم مختلف حصوں میں اپنے برانڈز کی مانگ میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔‘
تشييد کے سی ای او برائے ہوٹل آپریشنز فالح معتصم حجاج نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب میں تیزی سے توسیع کے لیے آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔‘
یہ معاہدہ سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کے مطابق ہے جس کا مقصد 2030 تک 100 ملین زائرین کو راغب کرنا اور مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں اس شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔
آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس مملکت میں پانچ برانڈز کے تحت 39 پراپرٹیز چلاتے ہیں جن میں انٹر کانٹینینٹل، کراؤن پلازہ، ہالیڈے ان، سٹے برج سویٹس اور ووکو شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اس کے 30 ہوٹل تعمیراتی پائپ لائن میں ہیں جو اگلے تین سے پانچ سالوں میں اپنے کام کا آغاز کریں گے۔