Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جڑے ہوئے شامی بچے آپریشن کے لیے ریاض پہنچ گئے 

شام کے جڑے بچے احسان و بسام  فضائی ایمبولینس کے ذریعے پیر کو انقرہ سے ریاض پہنچ گئے۔
جڑے ہوئے بچوں کو فوری طور پر وزارت نیشنل گارڈز کے ماتحت کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شام کے جڑے بچوں کو جدا کرنے کے آپریشن کے حوالے سے سعودی میڈیکل ٹیم جائزہ لے گی۔ 
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے  سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ’ شام کے جڑے بچوں کے آپریشن کا فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے کیا ہے۔ اعلی قیادت کی ہدایت پر احسان اور بسام کو ترکی سے سعودی عرب منتقل کیا گیا‘۔
’سعودی قیادت نے انسانیت نواز پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے شامی بچوں کے بارے میں احکام جاری کیے ہیں‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب نے جڑے بچوں کے علاج اور انہیں جدا کرنے کے آپریشنوں میں مہارت حاصل کی ہے۔ بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے سعودی عرب کی تعریف کی جارہی ہے۔ 
مملکت میں 32 برس  کے دوران جڑے ہوئے بچوں کے اب تک  54 کامیاب  آپریشن  کیے گئے۔
آپریشن کی شروعات 31 دسمبر 1990 سے کی گئی تھی۔ میڈیکل  ٹیم کے ہیڈ شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ  الربیعہ ہیں۔

شیئر: