روس کی جانب سے بھیجے گئے 36 ڈرونز مار گرائے، یوکرین کا دعویٰ
یوکرین کی فوج نے کہا ہے کہ رواں ماہ یہ کیف پر 12واں ڈرون حملہ ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
یوکرین نے کہا ہے کہ اس نے روس کی جانب سے بھیجے گئے 36 ایرانی ساختہ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک مشکل رات تھی۔
انہوں نے ڈرونز کے خلاف فضائیہ کے بروقت اقدامات کو سراہا۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی گرام کی میسجنگ ایپ پر لکھا کہ یوکرین کو خوفزدہ کرنے کے لیے دشمن نے 36 (شاہد) ڈرونز استعمال کیے۔ کوئی بھی اپنے ہدف پر نہیں پہنچا۔‘
گذشتہ سال اکتوبر سے ماسکو باقاعدگی سے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز بھیجتا رہا ہے۔
یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ ’دشمن ممکنہ طور پر ملک کے مغربی حصے میں اہم تنصیبات اور فوجی اداروں کو نشانہ بنانا چاہ رہا تھا۔‘
یوکرین کی فوج کے مطابق روس نے حملوں میں ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز استعمال کیے ہیں۔
فوجی انتظامیہ کے سربراہ نے کہا کہ کیف پر کئی مرتبہ ڈرون حملے ہوئے تاہم تمام ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ یہ کیف پر 12 واں ڈرون حملہ ہے۔