جبیل میں پھولوں کی نمائش، 75 ہزار سے زیادہ وزیٹرز کی آمد
جبیل میں پھولوں کی نمائش، 75 ہزار سے زیادہ وزیٹرز کی آمد
ہفتہ 27 مئی 2023 20:39
نمائش میں صبح کا وقت سکول کے طلبہ کے لیے رکھا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں 75 ہزار سے زیادہ افراد نے ایک ہفتے کے دوران رائل کمیشن فار جبیل اور ینبع کے زیر اہتمام الفناتیر بیچ پر ہونے والی پھولوں کی نمائش کا دورہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 31 مئی تک جاری رہنے والی اس نمائش میں پھولوں اور باغبانی کی سرگرمیوں سے متعلق 11 مختلف زونز رکھے گئے ہیں۔
سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے لگ بھگ 100 حکام نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔
نمائش میں مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ہنر مندی اور ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے 30 فنکاروں کے کام کی نمائش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کارنیول شوز، ورکشاپس، الیکٹرانک گیمز، فوڈ ٹرک اور بہت کچھ شامل ہے۔
اس تقریب کا انعقاد ہریالی کی اہمیت، درخت اور پھول لگانے اور عوامی علاقوں میں صفائی کو برقرار رکھنے کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے کیا گیا تھا۔
سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کے زیر اہتمام قرآن پاک کی نمائش بھی اس مقام پر موجود ہے جہاں زائرین مدینہ منورہ میں قرآن پاک کی طباعت کے لیے کنگ فہد کمپلیکس کے قیام کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
نمائش میں صبح کا وقت سکول کے طلبہ کے دوروں کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ شام کا وقت خاندانوں کے لیے ہوتا ہے۔
یہ تقریب شہر کی سماجی اور ثقافتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک جامع اور پرکشش ماحول فراہم کرنے کے لیے رائل کمیشن فار جوبیل کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سامنے آئی ہے۔