Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت سیاحت کے تفتیشی دورے : 7521 خلاف ورزیاں ریکارڈ

مملکت میں سیاحتی سہولیات اور سرگرمیوں کے مقامات پر 9655 معائنے کئے گئے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے 2024 کی تیسری سہ ماہی میں کیے جانے والے تفتیشی دوروں  کے نتائج جاری کیے ہیں جس کے تحت مملکت بھر میں سیاحتی سہولیات اور سرگرمیوں کے مقامات پر 9655 معائنے کیے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان دوروں میں جانچ پڑتال کے دوران 7521 مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئیں اور جب کہ 11494 شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا۔
تفتیشی دوروں میں نظر آنے والی عام خلاف ورزیوں میں بغیر لائسنس کام کرنا، صفائی کی ناقص صورتحال، لائسنسنگ کی شرائط پوری نہ کرنا اور سہولت مہیا کرنے والے کارکنوں کی عدم دستیابی شامل ہے۔
سعودی وزارت سیاحت کی جانب سے اس عرصے میں سب سے زیادہ 3600 سے زائد تفتیشی کارروائیاں اور معائنے مکہ مکرمہ میں کئے گئے۔
ریاض میں 1350 سے زائد مقامات پر سیاحتی جانچ پڑتال کی گئی، مدینہ منورہ میں 1100 سے زیادہ اور مشرقی ریجن میں 1070 سے زائد معائنے ہوئے۔ مملکت کے دیگر علاقوں میں 2500 سے زیادہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

مکہ مکرمہ میں3600 سے زائد تفتیشی کارروائیاں اور معائنے کئے گئے۔ فوٹو عکاظ

سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں مثبت اقدامات کے سلسلے میں کی جانے والی یہ کارروائیاں،حفظان صحت سے متعلق پابندیوں پر عمل کرنے، قواعد و ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور سیاحتی مقامات پر آنے والے زائرین کو دی جانے والی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے کی جاتی ہیں۔
 

 

شیئر: