Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی، اوپن مارکیٹ میں 13 روپے سستا

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف نے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا گیپ کم کرنے کا کہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور یہ یکدم 13 روپے کم ہو کر 301 روپے تک آ گیا ہے۔ 
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 13 روپے کی کمی دیکھنے میں آئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف نے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا گیپ کم کرنے کا کہا تھا جس کے بعد سٹیٹ بینک نے انٹر بینک ریٹ پر کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی اور ڈالر خریدنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ 
سٹیٹ بینک کے اس حکم نامے کے بعد آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی آئی ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ڈالر کے ریٹ میں مزید کمی ہو گی اور ایک دو روز میں یہ تقریباً 20 روپے کم ہو کر انٹر بینک ریٹ کے قریب آ جائے گا جو 285 روپے تک ہے۔‘
ظفر پراچہ کے مطابق ’ڈالر کے نرخوں میں یہ بڑی کمی سٹیٹ بینک کی طرف سے گذشتہ روز جاری کیے گیے ایک سرکولر کے بعد آئی ہے جس میں یہ ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ بینکس بیرون ملک کریڈٹ کارڈز کی رقوم کی ادائیگی کے لیے ڈالرز اوپن مارکیٹ کے بجائے بینکس سے انٹر بینک ریٹ پر خریدیں۔‘
ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ ’یہ تجویز فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی تھی جس پر عمل درآمد کے بعد ڈالر کی اوپن مارکیٹ میں قیمت کم ہوئی ہے۔‘
ظفر پراچہ نے بتایا کہ اس کا فوری طور پر انٹر بینک ریٹ پر اثر نہیں پڑے گا، تاہم روپے کی قدر مستحکم ہونے کے ساتھ اگر دیگر معاشی عوامل بھی مثبت ہو جائیں تو مستقبل میں یہ نرخ کم ہونے کا امکان ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو ڈالر ریٹ میں کمی کے لیے ڈالر کو گرے مارکیٹ میں جانے سے روکنے، سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور دیگر پالیسیاں بہتر بنانے کے لیے جلد کام کرنا چاہیے۔‘ 
معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم نے بتایا کہ ’آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کے فرق کو کم کرنے کا کہا گیا ہے۔ جس کے بعد آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔‘

عبدالعظیم کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر کے خریدار تو موجود ہیں، لیکن فروخت کرنے والے نہیں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
دوران ٹریڈنگ ایک امریکی ڈالر 13 روپے کی کمی سے 301 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ ایک موقع پر ڈالر 298 روپے کی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عبدالعظیم کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر کے خریدار تو موجود ہیں، لیکن فروخت کرنے والے نہیں ہیں۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 285 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔

شیئر: