Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو دوست ممالک کا تعاون حاصل ہے، ڈیفالٹ کا امکان نہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

معروف پاکستانی بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے بزنس کمیونیٹی کو اعتماد دلایا ہے کہ ’سعودی عرب اور چین کا تعاون پاکستان کو حاصل ہے، ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رواں برس کا بجٹ مشکل ضرور ہو گا، لیکن کاروباری برادری کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے بجٹ پیش کیا جائے گا۔‘
کراچی میں اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عقیل کریم ڈھیڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ہونی والی بزنس کمیونٹی کی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ’ملک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی بینادی وجہ ملک میں غیریقینی کی صورتحال ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت مارکیٹ میں گردش کرنے والی افواہوں کو کاؤنٹر کرنے کے لیے بروقت اقدامات کرے۔ سرمایہ کار کا اعتماد بحال ہو گا تو ہی مارکیٹ مثبت سمت میں چل سکے گی۔‘
’اس وقت ملک میں سیاسی جماعتوں کی لڑائی تو چل رہی ہے ساتھ اور بھی مسائل کا سامنا ہے، لوگ غیریقنی کی کیفیت میں ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اور عام آدمی کا گزارا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔‘
عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ ’ایک روز مارکیٹ میں خبر آئی کہ آئی ایم ایف سے پیسے نہیں آ رہے۔ اس روز ایک امریکی ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں 300 کے قریب ٹریڈ کرنے لگے۔ بعد ازاں حکومت نے تفصیلات سے آگاہ کیا تو ایک ہی روز میں ڈالر کی قیمت 14 روپے تک نیچے آ گئی۔‘

عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں ایکسپورٹ اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کی گنجائش موجود ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم نے بتایا ہے کہ 2.3 ارب رول اوور ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب پاکستان کو سپورٹ کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہے۔‘
’جون میں آئی ایم ایف کا یہ پروگرام ختم ہو رہا ہے۔ اس کے بعد کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اس صورتحال میں ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا امکان نہیں ہے۔‘  
عقیل کریم ڈھیڈی کے مطابق ’پاکستان میں ایکسپورٹ اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ اگر حکومت بہتر بجٹ پیش کرے اور تاجروں کو سپورٹ کرے تو ملک میں امپورٹ بل میں بھی کمی ہونا مشکل نہیں ہے۔‘

شیئر: