Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داعش کے 50 دہشت گرد شام سے عراق منتقل

2021 سے سینکڑوں خاندانوں کو الحول کیمپ سے عراق منتقل کیا جا چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
داعش سے تعلق رکھنے والے 50 دہشت گردوں اور اہل خانہ کے 168 افراد کو شام سے عراق منتقل کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کی جانب سے سنیچر کو داعش کے 50 دہشت گردوں کو عراقی حکام کے حوالے کیا گیا۔
ان دہشت گردوں سے تحقیقات کی جائیں گی اور عراقی قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
علاوہ ازیں داعش سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے 168 افراد کو شام کے الحول کیمپ سے عراقی شہر موصل میں واقع الجادہ کیمپ بھجوا دیا گیا ہے جہاں ان کا نفسیاتی علاج بھی کیا جائے گا۔
عراقی حکام کے مطابق قبائلی عمائدین کی جانب سے انتقامی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد ہی ان افراد کو اپنے گھروں کو بھیجا جائے گا۔
کردوں کے زیر قبضہ شمال مشرقی شام میں واقع الحول کیمپ میں 50 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں جن میں سے چند کا تعلق مشتبہ دہشت گردوں سے بتایا جاتا ہے۔
اس کیمپ میں شام سے بے گھر ہونے والے افراد بھی پناہ لیے ہوئے ہیں جبکہ عراقی مہاجرین کے علاوہ 60 ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شامل بھی ہیں۔
مارچ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گورتریس نے الحول کیمپ میں پناہ لیے ہوئے غیر ملکیوں کو اپنے ملک جلد بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گورتریس نے عراق کے دورے کے بعد جاری بیان میں کہا تھا کہ اس کیمپ کی آبادی میں نصف کی عمر 12 سال بھی کم ہے اور یہاں پناہ لینے والوں کو اپنے حقوق سے محروم کیا ہوا ہے۔
انہوں نے الحول کیمپ کو موجودہ دور کا بدترین کیمپ قرار دیا تھا جہاں بے گھر ہونے والے افراد کو انتہائی برے حالات میں رکھا گیا ہے۔
مئی 2021 سے سینکڑوں خاندانوں کو شام کے الحول کیمپ سے عراق کے الجادہ کیمپ منتقل کیا جا چکا ہے۔

شیئر: