مصری پولیس اہلکار نے تین اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا
اسرائیلی فوج کے مطابق سنیچر کی صبح دو فوجی اہلکار سرحد کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے پی)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ مصر کی سرحد کے قریب اس کے تین فوجی اور ایک مسلح حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔
روئٹرز اور اے پی کے مطابق فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ سنیچر کو ایک گروپ نے دراندازی کی جس پر فائرنگ شروع ہو گئی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق سنیچر کی صبح دو فوجی اہلکار سرحد کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے کئی گھنٹے بعد ایک حملہ آور اور تیسرا فوجی اہلکار اسرائیلی حدود میں تصادم کے دوران ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے بعد میں ایک بیان میں بتایا کہ ’تینوں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کا تعلق مصری پولیس سے تھا۔‘
بیان کے مطابق مصری فوج کے مکمل تعاون کے ساتھ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فوجی اضافی حملہ آوروں کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں تلاشی لے رہے ہیں۔‘
مصری فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں مصری سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوا ہے، لیکن یہ بھی کہا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے، ممکنہ طور پر سمگلروں نے، اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اسرائیل اور مصر نے سنہ 1979 میں امن معاہدے پر دستخط کیے اور قریبی سیکورٹی تعلقات برقرار رکھے۔ ان کی مشترکہ سرحد پر اس طرح کا واقعہ شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔