Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغلِ اعظم نیویارک میں،’مدھوبالا اور دلیپ کمار کا مقابلہ نہیں‘

دلیپ کمار اور مدھو بالا کی فلم ’مغلِ اعظم‘ 1960 میں ریلیز ہوئی تھی (فائل فوٹو: سینما آن سٹیج/فیس بُک)
امریکہ میں نیویارک کے مشہور زمانہ ٹائمز سکوائر پر 1960 میں ریلیز ہونے والی انڈین فلم ’مغلِ اعظم‘ کے گانے پر کیا جانے والے رقص سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے، اور لوگوں کی پسندیدگی ان کے تبصروں سے ظاہر ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ’مغلِ اعظم‘ کے گانے ’جب پیار کیا تو ڈرنا کیا‘ پر رقص کرنے والی تمام خواتین نے فلم کے کردار ’انارکلی‘ جیسا لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور ان پر ہونے والی پھولوں کی برسات بہار کے موسم کا نظارہ دے رہی ہے۔
خیال رہے کہ فلم ’مغلِ اعظم‘ میں انارکلی کا کردار مدھوبالا نے ادا کیا تھا جبکہ اس فلم میں ان کے ہیرو دلیپ کمار تھے۔
اس فلم کے گانوں پر رقص کرنے والے گروپ کا نام ’سنیما آن سٹیج‘ ہے جو اپنی تھیٹر پرفارمنسز کے لیے مشہور ہے۔
ڈاکٹر عائشہ رے نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ کو انڈیا سے آنے والی افسوس ناک خبروں سے بریک اور اپنے اردگرد عجیب لوگوں سے بریک چاہیے تو کچھ لمحات نکال کر ٹائمز سکوائر پر مغلِ اعظم کی حسین پرفارمنس دیکھیں۔‘
سارہ زمان نے لکھا کہ ’کاش میں مغلِ اعظم دیکھنے کے لیے نیو یارک میں ہوتی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سٹیج پر دیکھنے میں بھی شاندار ہوگی، لیکن مدھو بالا اور دلیپ کمار کی پرفارمنس، کمال امروہی کے لکھے گئے ڈائیلاگس اور کے آصف کے وژن کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔‘
خیال رہے ’مغل اعظم‘ سولہویں صدی کی کہانی تھی جس میں دلیپ کمار نے شہزادہ سلیم اور مدھو بالا نے انارکلی کا کردار ادا کیا تھا۔

شیئر: