تیونس میں فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ
جاسوسی کے مشن پر پہلے بھی تیونس میں کئی طیارے لاپتہ ہو چکے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
تیونس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ فوج کا ایک ہیلی کاپٹر جس میں چار افراد سوار تھے لاپتہ ہے اور ریڈار سکرین سے غائب ہونے کے چند گھنٹوں بعد گر کر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع نے بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز بدھ کی شام تیونس کے راس الصراط علاقے میں رات کی پرواز کر رہا تھا جس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
تیونس کی وزارت داخلہ کی جانب سے فضائی، سمندری اور زمینی راستوں پر تلاش کے لیے ٹیم متحرک کر دی گئی ہے تاکہ ہیلی کاپٹر کو تلاش کیا جائے اور اس میں سوار عملے کے چار افراد کے بارے میں مصدقہ اطلاع حاصل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ تیونس کی فوج کی جانب سے حالیہ برسوں میں تربیت یا جاسوسی کے مشن پر روانہ کئے جانے والے کئی طیارے لاپتہ ہو چکے ہیں۔
قبل ازیں تیونس کے جنوبی صوبے قابس میں اکتوبر 2021 میں اندھیرے میں کی جانے والی فوجی مشقوں کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے اس میں سوار تین فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے اس حادثے کی سرکاری تحقیقات کے نتائج تاحال جاری نہیں کیے گئے۔