Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیونسی صدر کی زیر صدارت عرب وزرائے داخلہ کا اجلاس

اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز نے کی (فوٹو: ایس پی اے)
جمہوریہ تیونس کے صدر قیس سعید نے بدھ کو عرب وزرائے داخلہ کے اجلاس کی صدارت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز نے کی جو عرب وزرائے داخلہ کونسل کے اعزازی صدر بھی ہیں۔
سعودی وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب میں سعودی قیادت کی طرف سے عرب وزرائے داخلہ کو خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی خواہش ہے کہ عرب وزرائے داخلہ کا اجلاس مشترکہ عرب جدو جہد کو توانا کرنے میں کامیاب رہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ’ دنیا بھر میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں۔ مختلف قسم کے سماجی اور امن خطرات جنم لے رہے ہیں۔ ان میں منشیات کی آفت کا پھیلاو سب سے خطرناک ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون، تجربات اور معلومات کا تبادلہ ناگزیر ہے‘۔
سعودی وزیر داخلہ نے امن واستحکام کے تحفظ میں فرض شناسی پر سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز سے بدھ کو تیونس میں متعدد عرب ممالک کے وزرائے داخلہ نے ملاقاتیں کی ہیں۔
ان میں یمن، لیبیا، لبنان، صومالیہ ،جبوتی اور فلسطین کے وزرائے داخلہ شامل ہیں۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر: