ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے برسوں سے جاری روایت پرعمل کرتے ہوئے حج سیزن کے آغاز پر غلاف کعبہ کو بلند کر دیا گیا ہے۔
اس سال بھی یہ عمل حج سے قبل احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا ہے۔
غلاف کعبہ کو رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران اوپراٹھایاجاتا ہے ۔ اس حوالے سے حرم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنے کےلیے اسے رمضان المبارک اور حج سیزن میں بلند کردیاجاتا ہے کیونکہ ان دنوں دنیا بھرسے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں جن میں بعض لوگ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کےلیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں اس لیے غلاف کو ان مواقع پربلند کردیاجاتا ہے۔
دوسری وجہ غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی اسے صاف رکھنا ہے کیونکہ بیشتر عازمین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف سے لپٹیں اور اسے چومیں جس کی وجہ سے غلاف میلا ہو جاتا ہے۔