ماریشس اور فرانس سے عازمین حج کے پہلے قافلے کی آمد
عازمین حج نے شاندار سہولیات ملنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا(فوٹو، ایس پی اے)
ماریشس اورفرانس سے عازمین حج کے پہلے قافلے کی مکہ مکرمہ آمد پر غیر عرب افریقی حجاج کمپنی اور جنوب مشرقی ایشین ممالک کے عازمین کی خدمت کے لیے مخصوص کمپنی مشارق کے عہدیداروں نے زائرین کو خوش آمدید کہا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق 148 حج زائرین ماریشس سے ارض مقدس پہنچے۔ کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر احمد سندی نے کہا کہ ہماری کمپنی حج پر آنے والوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
کمپنی کی جانب سے حرمین شریفین کے زائرین کے مختلف امور میں آسانی فراہم کی جاتی ہے۔ ان کی میزبانی کی جاتی ہے جبکہ انہیں دینی اور ثقافتی معلومات فراہم کرکے سفر حج کو یادگار بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
مملکت میں متعین ماریشس کے سفیرشوکت علی سودھن نے عازمین حج کو ہرسال کی طرح اس مرتبہ بھی عمدہ سہولتیں فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے حجاج کی کمپنی ’مشارق‘ نے فرانس سے مکہ مکرمہ انفرادی شکل میں پہنچنے والے عازمین حج کے پہلے کاررواں کو خوش آمدید کہا۔
مشارق کمپنی کے عہدیداروں نے اطمینان دلایا کہ وہ حج اعمال کی ادائیگی کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت اور آرام و راحت مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔
فرانس سے آنے والے عازمین حج نے شاندار سہولیات ملنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔