Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملٹی انٹری خروج وعودہ ویزا کیسے لگے گا، فیس کتنی؟

خروج نہائی ویزا جاری کرانے کے بعد فیس واپس نہیں ہوسکتی (فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’بچے کا ایگزٹ ری انٹری چھ ماہ کےلیے لگایا تھا  لیکن اب  خروج وعودہ کی جگہ خروج نہائی لگانا چاہتا ہوں، معلوم کرنا ہے کہ کیا ایگزٹ ری انٹری کی فیس 600 ریال جمع کرائی تھی واپس ہوسکتی ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزا جاری کرانے کے بعد اس کےلیے جمع کی گئی فیس واپس نہیں ہوسکتی‘۔ 
خروج وعودہ کے لیے جو 600 ریال کی فیس جمع کرائی تھی اس کے مقابل چھ ماہ کا خروج وعودہ ویزہ جاری کیا جا چکا تھا۔ جوازات کے قانون کے مطابق اگرجمع کرائی گئی فیس کے مقابل وہ خدمت حاصل کرلی گئی ہو اس صورت میں جمع کی گئی فیس واپس نہیں لی جاسکتی۔ 
واضح رہے وہ افراد جو خروج وعودہ جاری کراچکے ہیں اور اسے استعمال کرنے سے قبل وہ اسے کینسل کرانا چاہتے ہیں اس صورت میں ایگزٹ ری انٹری ویزا ایکسپائر ہونے سے قبل اسے کینسل کرایا جاسکتا ہے۔ 
خروج وعودہ کینسل کرانے کے بعد فائنل ایگزٹ ویزا لگایا جاسکتا ہے۔ خروج وعودہ کی موجودگی میں اسے کینسل کرانا ممکن نہیں ہوتا۔ 
 خروج وعودہ ویزے کے حوالے سے جوازات سے دریافت کیا گیا ’ملٹی انٹری خروج وعودہ ویزے کی انتہائی مدت کتنی ہوتی ہے اوراسکی کم از کم فیس کتنی ہے؟‘۔ 

ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزے کی ابتدائی فیس 500 ریال ہوتی ہے۔(فوٹو: سبق)

سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ ملٹی انٹری خروج وعودہ کی انتہائی مدت تین ماہ ہوتی ہے۔ اس دوران متعدد بار بیرون مملکت سفر کرسکتے ہیں‘۔ 
ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزے کی ابتدائی فیس 500 ریال ہوتی ہے۔ ابتدائی طور پر جاری کیا جانے والا ویزا تین ماہ تک کارآمد ہوتا ہے۔ ابتدائی مدت کے تین ماہ کے علاوہ اضافی ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کرنے کےلیے فی ماہ 200 ریال ادا کرنے کے بعد جتنی مدت کے لیے خروج وعودہ حاصل کرنا ہو کیا جاسکتا ہے۔  
 چھ ماہ کے لیے ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے کے لیے مجموعی طورپر 900 ریال ادا کرنا ہوں گے جس کے بعد ملٹی انٹری ایگزٹ ری انٹری ویزا چھ ماہ کےلیے جاری کیاجاسکتا ہے۔ 
 500 ریال ابتدائی ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزے کےلیے ہیں جس کی مدت 3 ماہ ہوتی ہے اس کے بعد ہر تین ماہ کےلیے فی ماہ 200 ریال فیس مقرر ہے۔ 
سنگل انٹری ویزے کے ابتدائی فیس 200 ریال ہوتی ہے جس کے بعد ہر اضافی ماہ کےلیے 100 ریال فیس جمع کرانا ضروری ہے۔ سنگل ایگزٹ ری انٹری ویزہ ایک ہی بار استعمال ہوسکتا ہے۔ 

شیئر: