Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فراڈ کیس: اداکارہ امیشا پٹیل نے ’سرینڈر‘ کر دیا، 21 جون کو عدالت طلب

پروڈیوسر اجے کمار سنگھ نے اداکارہ کے خلاف چیک باؤنس کا مقدمہ درج کرایا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے چیک باؤنس کیس میں رانچی سول کورٹ کے سامنے سرینڈر کر دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو سینیئر ڈویژن جج ڈی این شکلا نے امیشا پٹیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 21 جون کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ کے خلاف یہ کیس 2018 میں درج کیا گیا تھا۔ جھارکھنڈ کے فلم پروڈیوسر اجے کمار سنگھ نے اداکارہ کے خلاف فراڈ اور چیک باؤنس کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
سپریم کورٹ نے اگست 2022 میں جھارکھنڈ میں ٹرائل کورٹ کے ذریعے جاری کردہ سمن کے سلسلے میں امیشا پٹیل کے خلاف دھوکہ دہی کے جرم میں فوجداری کارروائی روک دی تھی۔
تاہم سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ قابل تعزیر انسٹرومنٹ ایکٹ کی دفعہ 138 (چیک باؤنس) کے تحت قابلِ سزا جرائم کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رہ سکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے یہ حکم امیشا پٹیل کی طرف سے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے پانچ مئی 2022 کے حکم کے خلاف دائر کی گئی اپیل پر سماعت کے دوران دیا تھا۔
امیشا پٹیل اور سنی دیول کی مشہور فلم ’غدر اک پریم کتھا‘ کے سیکوئل ’غدر ٹو‘ کا ٹیزر کچھ دن قبل ہی جاری ہوا ہے۔
سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر اک پریم کتھا‘ کو ہندی فلم انڈسٹری کی کامیاب اور بلاک بسٹر فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
’غدر اک پریم کتھا‘ اپنی کہانی سمیت گانوں، حب الوطنی اور ڈائیلاگز کی وجہ سے خاص و عام میں اپنی ریلیز کے 22  سال بعد بھی مقبول ہے۔

شیئر: