’غدر‘ کا تارا سنگھ لاہور پھر واپس آ گیا
’غدر ٹو‘ میں سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار امیشا پٹیل کر رہی ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
بالی وُڈ کے اداکار سنی دیول کی مشہور فلم ’غدر اک پریم کتھا‘ کے سیکوئل ’غدر ٹو‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
’غدر ٹو‘ کا ٹیزر پیر کو یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا جہاں اسے بڑی تعداد میں پسند کیا جا رہا ہے۔
یوٹیوب پر ’غدر ٹو‘ کے ٹیزر کو اب تک ایک کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے۔
سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر اک پریم کتھا‘ کو ہندی فلم انڈسٹری کی کامیاب اور بلاک بسٹر فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس فلم کی کہانی 1947 کے بٹوارے کے گرد گھومتی ہے جہاں تارا (سنی دیول) اور سکینہ (امیشا پٹیل) ایک دوسرے سے شادی کرتے ہیں لیکن اُن کی خوشیاں تب غم میں تبدیل ہو جاتی ہیں جب سکینہ کے والد اسے پاکستان میں رہنے پر مجبور کرتے ہیں جس سے وہ اپنے شوہر سے جدا ہو جاتی ہے۔
’غدر اک پریم کتھا‘ اپنی کہانی سمیت گانوں، حب الوطنی اور ڈائیلاگز کی وجہ سے خاص و عام میں اپنی ریلیز کے 22 سال بعد بھی مقبول ہے۔
اس فلم کے نئے سیکوئل کی کہانی کی اگر بات کی جائے تو ریلیز ہونے والے ٹیزر میں 1971 کے پس منظر میں پاکستان کے شہر لاہور کو دکھایا گیا ہے جہاں انڈیا مخالف مظاہرے ہو رہے ہوتے ہیں۔ ان مظاہروں کے دوران سنی دیول (تارا سنگھ) بس سے نیچے اتر کر آتا ہے اور مظاہرین سے مقابلہ کرتا ہے۔
ٹیزر میں اس فلم کے مشہور گانے ’اُڈ جا کالے کاواں‘ کے بول ’گھر آ جا پردیسی، کہ تیری میری اِک جندڑی‘ بھی سننے کو ملتے ہیں۔
’غدر ٹو‘ میں سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار امیشا پٹیل ادا کر رہی ہیں جبکہ فلم کی کاسٹ میں اُتکرش شرما، منیش وَدھوا، گوروؤ چوپڑا اور لوو سنہا بھی شامل ہیں۔
22 برس قبل ’غدر ایک پریم کتھا‘ کی ہدایت کاری کرنے والے انیل شرما نے ’غدر ٹو‘ کو بھی ڈائریکٹ کیا ہے۔
خیال رہے ’غدر ٹو‘ انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 11 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔