واشنگٹن۔۔۔۔۔امریکہ کے سابق اورچند موجودہ عہدیداروں نے کہا کہ چینی حکومت نے اپنے یہاں سی آئی اے کے جاسوسی مشن کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی اور سی آئی اے کے کم سے کم ایک درجن ایجنٹوں کو ہلاک کیا۔اس نے 2010سے 2012کے دوران متعدد امریکی جاسوسوں کو پکڑااور انہیں جیل کی سزا دی جس کے بعد کئی سال تک چین میںامریکی جاسوسی کا نظام تہ و بالا ہوگیا۔حکام کا کہنا ہے کہ سی آئی میں بھی ایک جاسوس نے غداری کی جبکہ اس بات کا بھر پور یقین ہے کہ چین نے سی آئی اے کے اس خفیہ نظام کو ہیک کرلیا جو وہ غیر ملکی مخبروں سے رابطے کیلئے استعمال کرتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ نظام تباہ ہونے سے امریکہ کو بھاری نقصان پہنچا۔ سابق امریکی افسروں نے بتایا کہ چین نے کم از کم ایک درجن مخبروں کو ہلاک کیا۔ایک مخبر کو توخودایک سرکاری عمارت کے صحن میں اس کے ساتھیوں کے سامنے گولی ماری گئی جس سے یہ پیغام دینا مقصود تھا کہ دوسرے مخبر بھی اس انجام کو پہنچ سکتے ہیں۔کئی لوگ اب بھی جیل میں ہیں۔چین میں سی آئی اے کے 18سے 20تک مخبر قید کئے گئے۔چینی کارروائی سے امریکہ کو جو نقصان پہنچا اسے بتانا مشکل ہے لیکن چین میں امریکہ کے کئی’’ اثاثے‘‘ لاپتہ ہوگئے۔ان حکام کے انکشافات سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ چین اپنے یہاں امریکی جاسوسی کی کوششوں کو تباہ کرنے میں کامیاب رہااور 2015میں ہزاروں سرکاری افسران کے ریکارڈتک اس کی رسائی ممکن ہوگئی۔ان میں انٹلی جنس کے مخبروں کے بارے میں معلومات بھی شامل ہے۔