آپریشن کئی مراحل میں مکمل ہوا جس میں 31 رکنی ٹیم شریک ہوئی (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی سرجنز اور میڈیکل ٹیم نے سر سے جڑی ہوئی مصری بچیوں سلمی اور سارہ کا آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ آپریشن انتہائی پیچیدہ تھا جو 17 گھنٹے تک جاری رہا۔ میڈیکل ٹیم 31 افراد پرمشتمل تھی۔
ڈاکٹر الربیعہ نے مزید بتایا کہ سیامی بچیاں 23 نومبر 2021 کو مصر سے ریاض پہنچی تھیں۔ میڈیکل ٹیم نے بچیوں کے حساس ترین میڈیکل ٹیسٹ کیے تھے جن سے پتہ چلا کہ دونوں بچیاں دماغ اور اس کے اطراف رگوں سے جڑی ہوئی ہیں۔
الربیعہ نے کہاکہ میڈیکل ٹیم نے تمام ٹیسٹ کی رپورٹس دیکھنے کے بعد 4 آپریشنوں کا فیصلہ کیا۔ پہلے آپریشن سے دوسرے آپریشن کے درمیان ہفتوں سے لے کر مہینوں تک کا وقفہ لیا گیا۔
الربیعہ نے بتایا کہ چاروں آپریشنز میں مجموعی طورپرتقریبا 57 گھنٹے لگےآخری آپریشن 17 گھنٹے میں مکمل ہوا۔
مصری بچیوں کے والدین نے آپریشن کرنے اورعلاج کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اس حوالے سے جو کام کررہا ہے وہ بڑا انسانیت نواز عمل ہے۔
یاد رہے کہ جڑے بچوں کو جدا کرنے والے سعودی پروگرام کے تحت گزشتہ 33 برس کے دوران 23 برادر اور دوست ممالک کے 130 جڑے بچوں کے کیسز نمٹائے گئے۔ مصری بچیوں کا آپریشن 57 واں تھا۔