Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مقامات پر یومیہ 1.36 ملین مکعب میٹر پانی کی فراہمی

عازمین حج کےلیے چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے حج سیزن 2023 کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ، منی، مزدلفہ اور عرفات اور مدینہ منورہ میں 1.36 ملین مکعب میٹر پانی یومیہ کی بنیاد پر فراہم کیا جارہا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حج سیزن کے دوران حج مقامات پر 78.5 ملین مکعب میٹر سے زیادہ پینے کا پانی فراہم کیا گیا تاکہ چوبیس گھنٹے  پینے کا پانی مہیا رہے۔ 
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت مملکت کے  گیارہ سے زیادہ سرکاری اداروں کے تعاون و اشتراک سے غذائی اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔ 
وزارت کے اہلکار مملکت بھر میں 600 عوامی بازاروں کی نگرانی کررہے ہیں۔  
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے بکروں، گایوں، بھیڑوں اور اونٹوں کی قربانی کے لیے 425 مذابح (سلاٹر ہاؤس) تیار کرائے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق مملکت میں تقریبا 25.6 ملین بھیڑ، بکرے اور اونٹ موجود ہیں۔ 
وزارت مقدس شہروں میں متعدد مقامات پرخصو صی ٹیمیں تعینات کیے ہوئے ہے جنہیں مویشیوں میں متعدی امراض پھیلنے سے روکنے کی ذمہ داری تفویض ہے۔ 
وزارت کے اہلکار مختلف مقامات کا اچانک دورہ کرکے مویشیوں کے باڑوں کا معائنہ کرتے ہیں۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں 445000 ٹن گندم  ذخیرہ ہے۔
علاوہ ازیں 48 ہزار ٹن سے زیادہ گندم ہنگامی صورتحال کے لیے محفوظ کی گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 3912 ٹن آٹا تیار کیا  جارہا ہے۔ 

شیئر: