دہشت گردی میں ملوث دو یمنی شہریوں کی سزائے موت پرعملدرآمد
ایوان شاہی کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کی گئی ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سنیچر کو ریاض میں دہشتگردی میں ملوث دو یمنیوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کیا گیا ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ’ یمنی شہری عبدالرحمن فارس عامرالمری نے دہشتگرد تنظیم کے ساتھ مل کرمملکت میں دہشتگردی اورسیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی‘۔
’علاوہ ازیں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو منظم کرنے کےلیے مزید افراد کو شامل کرنے میں مصروف رہا‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دہشتگردی کی کارروائیوں کو منظم کرنے کےلیے بارودی مواد، مشین گنیں، دھماکہ خیز جیکٹ اوردیگر ہلاکت خیز اشیا بھی جمع کی تھیں‘۔
علاوہ ازیں قانون کو مطلوب افراد کو پناہ دینے اورانہیں تنازعات والے علاقوں میں لے جانے مالی معاونت کی منصوبہ بندی کرنے میں بھی ملوث رہا تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق’محمد صلاح عمرالمری پر مملکت میں دہشتگردانہ کارروائیاں کرنے اورایک دہشتگرد تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کے ساتھ فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے سیکیورٹی اورحساس مقامات کے بارے میں معلومات اکھٹی کرنے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی کوشش کرنے کا الزام اس پرثابت ہوگیا تھا‘۔
دونوں یمنی شہریوں کے خلاف عدالت نے سزائے موت کا حکم صادر کردیا تھا۔ اپیل کورٹ نے بھی سابق عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا بعدازاں ایوان شاہی سے سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کردی گئی۔