Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں عازمین کی سہولت کےلیے خود کار منی بس سروس

اتھارٹی نے بغیر ڈرائیور والی بسوں کے لیے ٹریک 6 مختص کیے ہیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس سال حج سیزن2023 کے دوران عازمین کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خود کار منی بس سروس شروع کرے گی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی یہ سہولت انسان اورماحول دوست ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کی پالیسی کے تحت فراہم کررہی ہے۔ 
خود کار منی بسیں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ ان میں بس کے اطراف کے ماحول پر نظر رکھنے  کے لیے کیمرے اور سنسر نصب ہیں۔ 
اتھارٹی عازمین حج کو سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف ٹرانسپورٹ آپشن دے رہی ہے۔ 
اتھارٹی نے بغیر ڈرائیور والی بسوں کے لیے ٹریک 6 مختص کیے ہیں۔ ایک ٹریک چار کلو میٹر طویل ہے۔ روڈ کی چوڑائی گیارہ میٹر ہے۔ ہر بس میں گیارہ نشستیں ہیں۔
بغیر ڈرائیور کے یہ بس 30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہے اور ایک بار چارج ہونے کے بعد چھ گھنٹے تک چل سکتی ہے۔ 
خود کار منی بسوں کی بدولت منی، مزدلفہ  اور عرفات کے درمیان آمد ورفت کا دورانیہ کم ہوگا۔ 
عازمین حج کو ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں متعدد آپشن حاصل ہوں گے۔ آمد ورفت میں بھی سہولت ملے گی، ان بسوں سے ماحولیاتی تحفظ کا بڑا ہدف بھی حاصل ہوگا۔ 

شیئر: