مکہ مکرمہ اور مشاعرمقدسہ میں موسمیات کے 10 اضافی اسٹیشنز
اتوار 25 جون 2023 18:51
ارسلان ہاشمی -اردو نیوز، مکہ
مکہ مکرمہ اورعرفات میں درجہ حرارت 45 ڈگری جبکہ منی میں 44 ڈگری رہا(فوٹو، ٹوئٹر)
قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اورمشاعرمقدسہ ’منی ، مزدلفہ اورعرفات‘ میں موسم کی حالت سے لمحہ بہ لمحہ باخبررہنے کےلیے 10 اضافی اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان القحطانی نے مزید بتایا کہ حج 2023 کے لیے ہربرس کی طرح اس سال بھی مرکز کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ حجاج کرام کو موسم کی صورتحال سے باخبررکھا جائے۔
موسمیات کے مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اورعرفات میں اتوار کے روز درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ منی اورمزدلفہ میں پارہ 44 ڈگری کے قریب رہا۔
قومی مرکز کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ موسم گرما میں حجاج کرام زیادہ دیردھوپ میں نہ رہیں, رہائشی گاہوں سے باہر نکلنے کے دوران چھتری کا استعمال لازمی طورپرکریں۔