عرفات میں گرمی زیادہ رہے گی، 4 علاقوں میں بارش کی توقع
مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں بارش کا قوی امکان ہے(فوٹو، ایس پی اے)
قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ میدان عرفات اورمزدلفہ میں سب سے زیادہ گرمی پڑے گی جبکہ مملکت کے 4 علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
عاجل نیوز نے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت میں سب سے زیادہ گرمی میدان عرفات ، وادی مزدلفہ ،الخرج اورالاحسا میں ہوگی جہاں پارہ 45 ڈگری تک جائے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت ابھا اورالباحہ میں متوقعہ ہے جہاں درجہ حرارت 20 ڈگری تک ہوگا۔
مدینہ منورہ ، ریاض اوردمام میں درجہ حرارت 43 ڈگری جبکہ المجمعہ اورشرورہ میں 42 ڈگری تک رہے گا۔ عرعر، سکاکا ، ینبع اورالعلا میں 41 ڈگری ، جدہ ، تبوک اوربیشہ میں 39 ڈگری ۔ طائف ، ابھا اورالباحہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
متوقع بارش کے حوالے سے موسمیات کے قومی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعہ کے روز مملکت کے چار علاقوں میں بارش کا قوی امکان ہے جن میں جازان ، عسیر، الباحہ شامل ہیں جبکہ مکہ مکرمہ ریجن کے پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
قومی مرکز کا مزید کہنا ہے کہ مشرقی ریجن کے بعض علاقے ۔ مدینہ منورہ اورحائل میں کہیں کہیں تیزہواوں کے ساتھ گرد وغباربھی چھایا رہے گا۔