عازمین حج سورج کی تمازت سے خود کو کیسے بچائیں، وزارت صحت کے مشورے
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے( فوٹو: ٹوئٹر وزارت صحت)
سعودی عرب کی وزارت صحت نے عازمین حج سے کہا ہے کہ’ وہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ( منی،عرفات، مزدلفہ) میں خود کو سورج کی تمازت سے بچائیں‘۔
وزارت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’عازمین حج سن سٹروک سے بچیں اور سڑک پر نکلنے سے قبل ہلکے رنگ کی چھتری ضرور استعمال کریں‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’جیسے جیسے گرمی بڑھے پانی اور مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ خصوصی دوپہر بارہ سے تین بجے کے درمیان سورج کی تمازت سے بچنے کی کوشش کی جائے‘۔
وزارت نے سعودی عرب کے موسیمیات کے قومی مرکز کے جاری الرٹ کے حوالے سے خبر دارکیا اور کہا کہ ’سن سٹروک سے بچنے کےلیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں‘۔
مشاعر مقدسہ میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے سن اسٹروک کے علاج کے لیے 217 بستر مختص کیے ہیں مشاعر مقدسہ کے ہسپتالوں میں 166 اور مکہ مکرمہ میں 51 بستر شامل ہیں۔
وزارت صحت نے واٹر مسٹ پنکھے بھی بڑی تعداد میں فراہم کیے ہیں جو گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں۔
اس سے قبل سعودی ہیلتھ کونسل نے کہا تھا کہ ’ان دنوں مملکت میں موسم شدید گرم ہے جس کے پیش نظرعازمین کو چاہئے کہ وہ خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘۔
’ بلا وجہ دھوپ میں نہ رہیں کوشش کریں۔ پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی پیدا نہ ہو‘۔
’عازمین دھوپ کی تمازت اورشعاعوں سے محفوظ رہنے کے لیے ’سن بلاک‘ کا استعمال کریں۔ کسی دوسرے کی ذاتی استعمال کی اشیا استعمال نہ کی جائیں۔