Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہسپتالوں اور صحت مراکز میں 80 ہزار عازمین حج کو طبی خدمات کی فراہمی

23 اوپن ہارٹ سرجری اور 464 ڈائیلائسز کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت  نے کہا ہے کہ ’19 جون سے اب تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہسپتالوں اور صحت مراکز میں 80 ہزار 973 عازمین حج نے طبی خدمات سے استفادہ کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق صحت خدمات میں 23 اوپن ہارٹ سرجری، 168 کارڈیک کیتھیٹرز، 464 ڈائیلائسز اور 41 اینڈیو سکوپی کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں وزارت کا کہنا ہے کہ’ جبل الرحمہ ہسپتال، نمرہ ہسپتال، الشرق عرفات ہسپتال کے ساتھ ایک فیلڈ ہسپتال اور 46 صحت مراکز موجود ہیں‘۔
ان ہسپتالوں اور صحت مراکز میں مختلف طبی شعبوں میں مہارت رکھنے والے 1700 سے زیادہ اہلکار جدید ترین طبی آلات، سامان اور ٹیکنالوجی کے ساتھ موجود ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’چار ہسپتالوں میں 900 سے زیادہ بیڈ تیار کیے گئے ہیں جہاں سن سٹروک یا دیگر ہنگامی صورتحال کے کیسز وصول کرنے کےلیے انتہائی نگہداشت یونٹ موجود ہیں‘۔
یہ طبی نگہداشت سعودی حکومت کی طرف سے حج سیزن میں  عازمین کی آمد ورفت کے تمام مقامات پر فراہم کی جانے والی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔

شیئر: