’والدہ نے کہا اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرو‘، عرفات میں سبیل لگانے والے ’ماجد‘
’والدہ نے کہا اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرو‘، عرفات میں سبیل لگانے والے ’ماجد‘
منگل 27 جون 2023 18:26
ارسلان ہاشمی -اردو نیوز،منیٰ
ماجد نے بتایا کہ وقوف عرفات کے دن شربت کے 100 کے قریب کارٹن ختم ہو جاتے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)
حج 2023 کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ لاکھوں فرزندان اسلام نے ادا کیا۔ عرفات کے میدان میں جہاں سرکاری سطح پر حجاج کے لیے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں، وہیں انفرادی طورعام لوگ بھی اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔
مکہ مکرمہ کے ایک رہائشی ماجد بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو وقوف عرفات کے دن اللہ کے مہمانوں کی خدمت اپنے لیے باعث شرف قرار دیتے ہیں۔ میدان عرفات کی شدید گرمی میں خود پیسنے سے شرابور مگر جذبہ خدمت سے سرشارحجاج کوٹھنڈا مشروب پیش کرنے میں مصروف ہیں۔
میدان عرفات میں پڑنے والی شدید گرمی میں ماجد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ٹھنڈا مشروب حجاج کو پیش کر رہے تھے، اس دوران اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد نے بتایا کہ ’میدان عرفات میں حجاج کی خدمت کرتے ہوئے پانچ برس ہو گئے ہیں۔ میری دعا ہے کہ رب کریم میرے اس عمل کوقبول فرمائے۔‘
عرفات میں ٹھنڈا مشروب حجاج کو پیش کرنے کا خیال کیسے آیا؟ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’والدہ نے مجھے ایک بار کہا وقوف عرفات میں جب شدید گرمی پڑرہی ہوتی ہے ایسے میں ضیوف الرحمان (اللہ کے مہمانوں) کی خدمت میں ہمیں بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔‘
’والدہ نے یہ خیال میرے دل میں ڈالا اور اللہ تعالی نے مجھے ہمت عطا کی۔ گزشتہ پانچ برس سے ہم ہر سال وقوف عرفہ کے دن صبح سے شام تک یہاں ’توت ‘ کا شربت حجاج کو پیش کرتے ہیں۔‘
ماجد کا کہنا تھاکہ صبح سے اب تک توت کے شربت کے 20 کارٹن ختم ہو چکے ہیں جبکہ شام تک 100 کے قریب کارٹن حجاج کو پیش کرتے ہیں۔
شربت کو ٹھنڈا کرنے کے لیے برف بھی فراہم کی جاتی ہے جبکہ ڈسپوزبل گلاسوں کا انتظام بھی ماجد خود ہی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارخیر میں کسی سے کوئی مالی معاونت نہیں لیتے، اس کا صلہ رب کریم سے طلب کرتے ہیں کہ وہ ہمارے اس عمل کوشرف قبولیت عطا کرے۔