Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2023: آخری دن کی رمی جاری، منیٰ کی بستی خالی ہونا شروع

  حج 2023 کے آخری دن 12 ذوالحجہ کو حجاج کرام کی جانب سے رمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج غروب آفتاب سے قبل حجاج منی سے رخصت ہو جائیں گے۔
جلدی واپس جانے والے حجاج صبح کو ہی تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد طواف وداع اورنماز جمعہ ادا کرنے کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2023 کے تمام مراحل خاص کر وقوف عرفہ اوردونوں دنوں کی رمی بخیرو خوبی مکمل ہوئی جبکہ تیسرے دن کی رمی کے لیے حجاج کی بڑی تعداد صبح کو ہی اپنے خیموں سے نکل کرجمرات پل پرپہنچ گئی جہاں انہوں نے انتہائی آرام وسکون سے تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں۔
حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حجاج کو رمی کے اوقات سے مطلع کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ وقت پراپنے کیمپ سے نکل کررمی کے لیے جائیں۔ رمی کے لیے مقررہ شیڈول کا مقصد حجاج کواژدحام سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ آرام وسکون سے آخری دن کی رمی مکمل کریں۔
بعض عرب اورافریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے کچھ حجاج نے تیسرے دن کی رمی صبح کے وقت مکمل کرلی جبکہ ایشیائی حجاج زوال کے بعد رمی کرنے کے بعد منی سے روانہ ہوں گے۔
منیٰ میں تیسرے دن کی رمی کے لیے جمرات پل کی جانب جانے والے راستوں پرسکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اس امر کی یقینی بنا رہے تھے کہ جمرات کی جانب جانے والے راستوں پرکسی قسم کا ازدحام نہ ہو۔

آج غروب آفتاب سے قبل حجاج منی سے چلے جائیں گے(فوٹوْ، اردونیوز)

جمرات کی جانب جانے اوررمی کرکے واپس آنے والے راستوں کو جدا رکھنے کا مقصد آمد رفت کو منظم کرنا اورحجاج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے ’معلمین‘ نے تیسرے دن کی رمی کے بعد حجاج کو منی سے مکہ مکرمہ منتقل کرنے کے لیے بسوں کو منی کی حدود کے باہرتیار حالت میں کھڑا کردیا تاکہ حجاج جو بلاتاخیر مکہ مکرمہ لے جایا جاسکے۔
معلمین کی جانب سے حجاج کا سامان اودیگر اشیا کو جلد از جلد بسوں میں منتقل کرنے کے لیے اضافی عملے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔

منیٰ  میں رمی کے تیسرے دن اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی(فوٹو، علی خمج)

جمعہ کے روز منیٰ میں موسم گزشتہ روز سے قدرے بہتر ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پانی کی پھوار برسانے والے سسٹم کو بھی تیز کیا گیا ہے تاکہ گرمی کی شدت کو کم کیا جاسکے۔

شیئر: