Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دالان سے ایک گھنٹے میں ایک لاکھ حجاج کا الوداعی طواف 

سعودی دالان چار منزلہ ہے۔ اس کا رقبہ 2 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب مکہ مسجد الحرام میں ’الرواق السعودی‘ سعودی دالان سے ایک گھنٹے میں ایک لاکھ 7 ہزار حجاج الوداعی طواف کر رہے ہیں۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دالان سے حج میں پہلی مرتبہ فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ اس سے طواف کی گنجائش بڑھ گئی ہے۔
سعودی دالان چار منزلہ ہے۔ اس کا رقبہ 2 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر ہیں۔ یہاں دو لاکھ 87 ہزار افراد کے لیے نماز کی گنجائش ہے جبکہ ایک  گھنٹے میں ایک لاکھ سات ہزار افراد طواف کر سکتے ہیں۔ 
شاہ فہد بن عبدالعزیز کے حکم پر سعودی دالان میں مغرب کی جانب توسیع کی گئی۔ اس کے توسیعی حصے میں ستونوں کی تعداد 1500 کے لگ بھگ ہے۔ ہر ستون پر سفید سنگ مرمر لگا ہوا ہے۔  
شاہ فہد کے زمانے میں دالانوں کے اوپر متعدد گنبد بنائے گئے۔ کل رقبہ 3 لاکھ 65 ہزار مربع میٹر ہے۔ یہاں دس لاکھ افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔ سعودی دالان میں باب الملک فہد کا بھی اضافہ کیا جا چکا ہے۔ 
یاد رہے کہ سعودی دالان کی تعمیر کا کام 1955 میں شاہ سعود کے زمانے میں شروع ہوا تھا۔ انہوں نے اس حوالے سے اعلان کیا تھا کہ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز مسجد الحرام میں توسیع چاہتے تھے۔
ان کی خواہش تھی کہ سعودی دالان تعمیر ہو۔ شاہ سعود، شاہ فیصل اور شاہ خالد  کے زمانے میں 1955 سے 1976 تک سعودی دالان کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا۔ عصر حاضر میں بھی اس کی تجدید پر کام ہوتا رہا ہے۔ 
سعودی فرمانرواؤں نے برسہا برس میں سعودی دالان کی تعمیر کا کام مکمل کرایا۔ اس کی بدولت مسجد الحرام کا رقبہ 12 ہزار مربع میٹر سے بڑھ کر دس لاکھ مربع میٹر سے زیادہ ہو گیا۔ اس کی گنجائش بھی پہلے کے مقابلے کئی گنا بڑھ گئی۔  

شیئر: