Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب خانہ کعبہ پر پہلی نظر پڑی‘، تیونس کی صحافی خواتین کو کیا محسوس ہوا؟

خانہ کعبہ پر پہلی نظر سے لازوال خوشی ملتی ہے اور یہ ناقابل بیان کیفیت ہے (فوٹو: ایس پی اے)
تیونس کی صحافی خواتین نے کہا ہے کہ ’حرم مکی پر پہلی نظر سے لازوال خوشی ملتی ہے اور یہ ناقابل بیان کیفیت ہے۔‘
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تیونس سے اس سال شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ضیافت میں دو صحافی خواتین نے بھی فریضہ حج ادا کیا۔ 
خاتون صحافی سماح حسن الوسلانی نے کہا کہ ’فریضہ حج کی خوشی غیرمعمولی ہے۔ پہلی بار فریضہ حج کی سعادت حاصل کر رہی ہوں اور بے حد خوش ہوں۔‘ 
تیونس کی صحافی خاتون نے کہا کہ ’شاہی ضیافت میں حج کرنے والوں کا شاندار استقبال اور بہترین انتظامات توقع سے کہیں زیادہ اچھے تھے۔ تیونس سے مکہ پہنچنے تک تمام عہدیداروں نے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا۔‘ 

’پہلی بار فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے پر بے حد خوش ہوں‘ ( فوٹو: ایس پی اے) 

ان کا کہنا تھا کہ ’خانہ کعبہ میں پہلی مرتبہ حاضری سے ملنے والی خوشی ناقابل بیان ہے۔ اس سے جو احساس ملا ہے وہ کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔ خانہ کعبہ کی عظمت یہاں آ کر اور زیادہ شدت سے محسوس ہوئی۔‘ 
تیونس کے ٹی وی چینل کی میزبان ندی کیلانی نے کہا کہ شاہی ضیافت میں حج کے لیے میرا انتخاب بڑا اعزاز ہے۔ اس سے جو خوشی ملی وہ بیان سے باہر ہے ہر انسان آرزو کرتا ہے کہ اسے مکہ حاضری اور حج کے مناسک ادا کرنے کا موقع مل جائے۔‘ 
ندی کیلانی نے کہا کہ جب خانہ کعبہ پر نظر پڑی تو دل کی گہرائی میں روحانی احساس نے میری زندگی بدل دی۔ پہلی بار یہاں حاضر ہوئی ہوں۔ حاضری کا احساس خشوع و خضوع کے ساتھ بیان سے بالاتر ہے۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ یہاں آکر آپ اللہ تعالی سے بہت زیادہ قریب ہو گئے ہیں۔ خوشی کے آنسوؤں کا صحیح لطف خانہ کعبہ میں حاضری کے وقت محسوس ہوا۔ یہ زندگی بھر کی خوشی کا نچوڑ تھا۔‘

شیئر: