Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شلوار قمیض میں ملبوس خاتون کی یونس خان کی بولنگ پر بیٹنگ، ’بہت اچھا ٹائم کیا‘

یونس خان کی دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی یہ ویڈیو برطانیہ کے شہر برمنگھم کی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں شلوار قمیض میں ملبوس خاتون کو پاکستان کے سابق بیٹر یونس خان کی بولنگ پر بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹوئٹر صارف سمارا افضل نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گھر کے صحن میں یونس خان کی بولنگ پر بیٹنگ کر رہی ہیں۔
سمارا افضل اپنی ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ ’عظیم کرکٹرز میں سے ایک کے خلاف گھر کے باغیچے میں شلوار قمیض پہن کر کرکٹ کھیلنا ہی خواب ہے۔ یونس خان بہت ہی عاجز اور معزز انسان ہیں۔‘
یونس خان کی اپنے ذاتی دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی یہ ویڈیو برطانیہ کے شہر برمنگھم کی ہے۔
 سمارا افضل پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور انگلش کاؤںٹی کرکٹ کلب واروِک شائر کی سابق کھلاڑی ہیں۔
دوسری جانب یونس خان نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 25 ٹی20 میچز کھیل کر بالترتیب 10099، 7294 اور 442 رنز سکور کیے ہیں۔
سمارا افضل کی اس ویڈیو پر ٹوئٹر صارفین بھی اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
بہرام قاضی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بہت اچھا ٹائم کیا ہے۔ یونس بھائی نے ٹیسٹ کرکٹ میں کچھ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ لہٰذا آپ اس پر اپنے آپ کو داد دے سکتی ہیں۔‘
مجاہد احمد کہتے ہیں کہ ’آپ نے غلط فیلڈ کا انتخاب کیا ہے۔‘
لقمان آدیز نے تبصرہ کیا کہ ’واہ، آپ تو باقاعدہ بیٹر کی طرح کھیل رہی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ امام الحق کی جگہ آپ کھیلیں۔‘

 

شیئر: