Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی

شاہین آفریدی کو ٹیسٹ وکٹوں کی سینچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہو گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 
سنیچر کو پی سی پی کی جانب سے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ سری لنکا کے لیے ٹیسٹ سکواڈ میں نوجوان کھلاڑی محمد ہریرہ اور آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شان مسعود شامل ہیں۔ 
سکواڈ میں چار سپنرز، چار فاسٹ بولرز جبکہ چھ سپیشلسٹ بیٹرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔ 
اس سکواڈ میں خاص بات شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں طویل عرصے کے بعد واپسی ہوئی ہے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سینچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ 
پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ایک سال کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے لیے میں پرجوش ہوں۔ میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بہت مِس کیا ہے اور میرے لیے اس فارمیٹ سے دور رہنا بہت مشکل تھا۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’سری لنکا میں ہونے والی انجری کی وجہ سے میں پورا ہوم سیزن نہیں کھیل سکا تھا،ا ور اب میں اسی ملک میں موثر طریقے سے واپسی کی راہ دیکھ رہا ہوں اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سینچری مکمل کروں گا۔ میں اپنے مداحوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا اور اب میں نئے چیلنج قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘ 
 

شیئر: