Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی اور منی لانڈرنگ، سعودی اور غیر ملکی کو 8 سال قید اور 60 لاکھ ریال جرمانہ 

مقیم عرب شہری نے ستر لاکھ ریال سے زیادہ باہر بھیجے تھے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے کہا ہے کہ ’ عدالت نے منی لانڈرنگ اور تجارتی پردہ پوشی میں ملوث مقامی شہری اور ایک مقیم غیرملکی کو 8 برس قید اور 60 لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’ اقتصادی جرائم کے حوالے سے ادارے کی تحقیقات کے بعد مقامی شہری اور مقیم عرب کو منی لانڈرنگ اور تجارتی پردہ پوشی کے الزام میں دونوں کا کیس عدالت میں بھیجا گیا تھا‘۔ 
پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ سعودی شہری مقیم غیرملکی کو اپنے نام سے طبی لوازمات کے کاروبار کا موقع فراہم کیے ہوئے تھا۔
‘سعودی شہری مقیم غیرملکی سے ماہانہ رقم وصول کرنے کے ساتھ اسے سرکاری اداروں کے ساتھ سودے، کمپنیوں کو ادویہ کی فروخت ، عمارتوں کے مالکان سے معاہدے، کاروبار کی رقم مختلف کمپنیوں میں ٹرانسفر کرنے اور باہر بھیجنے کی سہولتیں مہیا کیے ہوئے تھا‘۔ 
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ’تحقیقات سے اس بات کے بھی ثبوت ملے کہ مقیم عرب شہری نے ستر لاکھ ریال سے زیادہ باہر بھیجے ہیں‘۔ 
’مختلف کاروباری اداروں کے اکاونٹس کی جانچ سے پتہ چلا کہ سعودی اور مقیم غیرملکی 60 لاکھ ریال کی منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں‘۔
ان کے قبضے سے پانچ اے ٹی ایم کارڈز، پانچ تجارتی اداروں کی مہریں، دو چیک بک اور دستخط کیے ہوئے 9 چیک بھی برآمد ہوئے۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے دونوں کا کیس سپیشل عدالت بھیج دیا تھا جس نے الزامات ثابت ہونے پر دونوں میں سے ہر ایک کو چار، چار سال قید اور 60 لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی۔  
عدالت نے مبینہ رقم کے مساوی سرمایہ ضبط کرنے کا بھی حکم دیا علاوہ ازیں غیرملکی کو سزا  بھگتنے کے بعد بے دخلی کا بھی حکم جاری کردیا۔ 

شیئر: