Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش سعودی عرب سے تیل کی درآمدات کےلیے 1.4 ارب ڈالر قرضہ لے گا

بنگلہ دیشی وفد نے حالیہ دورے کے دوران معاہدے پر دستخط کیے (فوٹو: عرب نیوز)
بنگلہ دیش اور انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ایف ٹی سی) کے درمیان 1.4 بلین ڈالر کا مالیاتی منصوبہ سعودی عرب میں خام تیل کی درآمدات کو ہموار کرنے میں مدد کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن جو ملک میں ایندھن کی درآمد اور مارکیٹنگ کو کنٹرول کرتی ہے نے جدہ میں قائم آئی ٹی ایف سی کے ساتھ بنگلہ دیشی وفد کے سعودی عرب کے حالیہ دورے کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔
بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن کے فنانس ڈائریکٹر قاضی محمد مزمل حق نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ اس مالیاتی معاہدے کے تحت ہم  بنیادی طور پر خام تیل کی درآمد کے لیے 1.4 بلین ڈالر کا قرض لیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ بنگلہ دیش نے اس سے پہلے بھی  آئی ٹی ایف سی کے ساتھ اسی طرح کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں‘۔
مزمل حق نے کہا کہ’ موجودہ فنانسنگ پلان جولائی 2023 سے جون 2024 تک نافذ العمل ہے‘۔
آئی ٹی ایف سی اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کا رکن ہے جو مسلم دنیا کی سب سے بڑی ترقیاتی تنظیم ہے۔
بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن کے فنانس ڈائریکٹر نے کہا کہ ’ بنگلہ دیش زیادہ تر سعودی آرامکو اور ابوظبی نیشنل آئل کمپنی سے ہر ماہ تقریباً ایک لاکھ ٹن خام تیل درآمد کرتا ہے جن کے آئی ٹی ایف سی  کے ساتھ پہلے ہی تعلقات ہیں‘۔
مزمل حق نے کہا کہ ’ یہ ہمارے لیے بہت آسان ہے کیونکہ سعودی آرامکو اور ایڈکان اس قرض دہندہ پر انحصار کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری خام تیل کی درآمدات ہموار ہو جاتی ہیں‘۔
انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’ آئی ٹی ایف سی نے 2008 سے بنگلہ دیش کے لیے 16 بلین ڈالر سے زیادہ کے قرضوں کی منظوری دی ہے تاکہ ملک کی توانائی کی سکیورٹی کو سپورٹ کیا جا سکے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کے معاہدے اس کے رکن ممالک کی اقتصادی ترقی کی حمایت کے عزم کا حصہ ہیں۔
آئی ٹی ایف سی نے کہا کہ ’دونوں فریقوں نے فنانسنگ کی شرائط پر اتفاق کیا ہے، یہ فنانسنگ پلان جنوبی ایشیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک کی توانائی کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گا‘۔

شیئر: