حج کے بعد مدینہ آنے والے حجاج کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار کے قریب پہنچ گئی(فوٹو، ایس پی اے)
مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج زیارت مسجد نبوی کی غرض سے مدینہ منورہ جاتے ہیں جہاں وہ چند روز قیام کرتے ہیں۔
وہ حجاج جو قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ نہیں آتے انہیں حج کی ادائیگی کے بعد یہاں لایا جاتا ہے۔ حج سیزن کے آغاز میں براہ راست یہاں آنے والے عازمین بعد از ادائیگی حج مدینہ منورہ نہیں آتے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق حج کے بعد اب تک مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 514 تک پہنچ چکی ہے جو فضائی بری اورریل سروس کے ذریعے یہاں پہنچی۔
حجاج کی استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ روز تک مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پرآنے والے حجاج کی تعداد 20 ہزار 777 رہی جو 124 پروازوں کے ذریعے پہنچے۔ حرمین ٹرین سے استفادہ کرنے والے حجاج کی تعداد 2110 تھی جبکہ بری راستے کی الھجرہ استقبالیہ سینٹرمیں 27 ہزار 202 حجاج 692 بسوں کے ذریعے پہنچے۔
استقبالیہ کمیٹی کا مزید کہنا تھاکہ اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 997 حجاج زیارت مسجد نبوی کے بعد مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانہ ہوچکے ہیں جبکہ اس وقت 1 لاکھ 32 ہزار 499 حجاج شہر نبی ﷺ میں موجود ہیں جن میں سے بیشترکی واپسی شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے ہوگی۔