ڈیڑھ لاکھ کے قریب حجاج مدینہ پہنچ چکے، آمد کا سلسلہ جاری
ڈیڑھ لاکھ کے قریب حجاج مدینہ پہنچ چکے، آمد کا سلسلہ جاری
جمعرات 6 جولائی 2023 14:03
قبل از حج جدہ آنے والے حجاج کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اب تک مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ مکہ مکرمہ سے حجاج کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ یومیہ بنیاد پرجاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق حج کے بعد اب تک مدینہ منورہ آنے والے حجاج مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جو بسوں اورحرمین ٹرین کے علاوہ فضائی ذریعے سے بھی مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
حج کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز الھجرہ شاہراہ پرقائم حجاج کے استقبالیہ مرکز پرآنے والے حجاج کی تعداد 17 ہزار258 رہی جو 395 بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ سے یہاں پہنچے۔ حرمین ٹرین کے ذریعے 1797 حجاج مدینہ منورہ آئے۔ حجاج کی مدینہ منورہ آمد اوروہاں سے اپنے ملکوں کو روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
حجاج کی روانگی کے حوالے سے حج کمیٹی کا کہنا تھا کہ اب تک زیارت مدینہ کرنے کے بعد 36 ہزار 963 حجاج اپنے ملکوں کو روانہ ہوچکے ہیں۔ اس وقت 1 لاکھ 5 ہزار 617 حجاج مدینہ منورہ میں موجود ہیں جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔
مدینہ منورہ میں ادارے امور صحت کا کہنا تھا اب تک 56 ہزار 894 حجاج کومختلف نوعیت کی طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔
واضح رہے قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ آنے والے عازمین فریضہ حج ادا کرنے کے بعد واپس جدہ سے جاتے ہیں جبکہ وہ افراد جو جدہ کے حج ٹرمنل پرآتے ہیں اوروہ حج سے قبل زیارت مدینہ منورہ نہیں کرتے وہ حج کے بعد مدینہ منورہ جاتے ہیں جہاں سے وہ اپنے ملکوں کوروانہ ہوجاتے ہیں۔