Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ووٹ بیچنے کا علم نہیں‘، عمران خان نے سابق خاتون ایم پی اے پر الزام واپس لے لیا

عدالت میں مدعیہ سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی اور عمران خان کی جانب سے مشترکہ بیان جمع کیا گیا (فوٹو: فیس بک عمران خان)
خیبرپختونخوا کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے پشاور کی مقامی عدالت میں عمران خان کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا کیس ختم کرنے کی استدعا کر دی۔
پیر کو پشاور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں مدعیہ سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی اور عمران خان کی جانب سے مشترکہ بیان جمع کیا گیا۔ فوزیہ بی بی کے وکیل ایڈووکیٹ غفران شاہ اور عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ قاضی محمد انور عدالت میں پیش ہوئے۔
تحریری بیان میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے موقف اپنایا کہ 2018 میں سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 اراکین اسمبلی کے نام فیکٹ فائینڈنگ رپورٹ میں شامل تھے جس میں فوزیہ بی بی کا نام بھی شامل تھا۔ یہ رپورٹ سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک اور ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین نعیم الحق نے مرتب کی تھی۔
انہوں نے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ نعیم الحق انتقال کر چکے ہیں جبکہ پرویز خٹک پی ٹی آئی کو چھوڑ چکے ہیں، لہٰذا میرے پاس فوزیہ بی بی کے خلاف الزام کے ثبوت موجود نہیں ہیں۔ عمران خان نے تحریری بیان میں موقف اپنایا کہ وہ فوزیہ بی بی کے خلاف ہارس ٹریڈنگ کا الزام واپس لیتے ہیں اور ساتھ ہی فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت بھی بحال کرتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے عمران خان کی جانب سے سینیٹ ووٹ بیچنے کا الزام واپس لینے پر ہرجانے کا دعویٰ واپس لے کر کیس ختم کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔
سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی کا موقف 
فوزیہ بی بی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’2018 کے سینیٹ الیکشن میں مجھ پر ووٹ بیچنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد میں نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے جون 2018 کو عمران خان پر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’میں پانچ سال تک اپنے موقف پر ڈٹی رہی جس کا صلہ مجھے مل گیا۔ میں آج بہت خوش ہوں۔ فوزیہ بی بی کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل لاہور زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں خان صاحب نے تمام الزامات سے بری قرار دیا اور  بتایا کہ انہیں غلط معلومات دی گئی تھیں۔ ان کے پاس سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے شواہد بھی موجود نہیں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں عمران خان نے بتایا کہ پرویز خٹک نے جو نام بھیجے تھے وہی نام پریس کانفرنس میں لیے گئے، تاہم اب وہ الزام واپس لیتے ہیں۔
 مزید کہا گیا کہ جو ہوا اسے بھول کر اب دوبارہ سے پارٹی کے لیے کام کریں۔ فوزیہ بی بی کے مطابق ان کی پارٹی رکنیت بھی بحال کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فوزیہ بی بی سمیت 20 ارکین اسمبلی  پر سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا تھا۔

شیئر: