Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سمیت سات عرب ممالک میں شدید گرمی متوقع

بعض مقامات پر درجہ حرارت پچاس سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے (فوٹو: العربیہ)
ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ ’شمالی سعودی عرب سمیت سات عرب ملکوں میں گرمی کی شدید لہر آنے والی ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ مشرقی ریجن اور دیگر بعض مقامات پر درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سعودی پلیٹ فارم طقس العرب  کی رپورٹ کے مطابق گرم ہوا کی لہر جزیرہ نمائے عرب کے شمالی علاقوں کا رخ کرنے والی ہے۔ اس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ معمول سے پانچ سینٹی گریڈ زیادہ درجہ حرارت متوقع ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مصر، عراق، شمالی سعودی عرب اور شام کے علاقے رواں ہفتے کے آخر میں شدید درجہ حرارت کی زد میں آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی قومی ادارے نے بتایا کہ اس سال پڑنے والی گرمی نے 136 سال پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ 
موسمیات کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران ریکارڈ گرمی پڑے گی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ میں غیرمعمولی اضافہ  ہوگا۔
عراق اور کویت جیسے عرب ملکوں میں 50 سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عراقی حکومت نے ملک کے بیشتر شہروں میں شدید گرمی کے باعث سرکاری چھٹی کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کا سلسلہ رواں صدی کے آخر تک رہے گا۔ 
بیشتر صحرائی علاقوں میں رطوبت کی شرح 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگی۔ 
سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بڑھا ہوا درجہ حرارت برقرار رہے گا۔ مشرقی ریجن، وسطی ریجن اور مغربی ریجن کے بعض مقامات زیادہ گرم رہیں گے۔
ان علاقوں میں درجہ حرارت  45 سے 49 تک رہے گا تاہم الاحسا ریجن کے الھفوف اور الشرقیہ کے سرحدی مقامات پر درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے۔  

شیئر: