Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: ’حج سیزن کی کامیابی میں تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ‘

کابینہ کا اجلاس  شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منگل کو جدہ میں ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے اوپیک ممالک کے احتیاطی اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ تیل کی منڈی میں توازن اور استحکام چاہتے ہیں‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ 
شاہ سلمان نے کہا کہ ’حج سیزن 2023  کو کامیاب بنانے میں حصہ لینے والے تمام اداروں   اور افراد کا شکر گزار ہوں۔ اداروں نے اپنا فرض اخلاص اور ایثار سے ادا کیا‘۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ’حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کا اعزاز بخشنے،حجاج کی سلامتی، امن اور آرام و راحت کی خاطر انسانی و قدرتی وسائل وقف کرنے کی توفیق ملنے پر اللہ کے شکر گزار ہیں‘۔ 
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس اور صدر ایمانویل میکرن سے ملاقات اور مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا‘۔ 
’ولی عہد کے دورے سے دونوں دوست ملکوں کے تاریخی اور سٹراٹیجک تعلقات اور مشترکہ مفادات کو ہر شعبے میں تقویت پہنچی ہے‘۔ 
کابینہ نے تیل کی منڈیوں میں توازن اور استحکام کے لیے اوپیک پلس گروپ میں شامل ممالک کی جانب سے کیے گئے احتیاطی اقدامات کومزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے تیل پیداوار میں یومیہ دس لاکھ بیرل کی کمی کے رضاکارانہ فیصلے میں توسیع کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا گیا۔ 
سعودی کابینہ نے اجلاس میں تیرہ فیصلے کیے۔جنوب مشرق ایشیا میں تعاون اور دوستی کے معاہدے اور پروکوٹول میں سعودی عرب کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔
وزیر ثقافت کو بارکینا فاسو کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بات چیت، وزیر انصاف کو چاڈ کے ساتھ عدالتی امور میں تعاون کے معاہدے  پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے۔ 
کابینہ نے ہلال احمر اور ریڈکراس اور موسمیات کے سعودی قومی مرکز کے درمیان قدرتی آفات و خطرات سے نمٹنے کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی۔ 
کابینہ نے منشیات اور جرائم کے بین الاقوامی ادارے اور سعودی پبلک پراسیکیوشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بات چیت کا اختیار پبلک پراسیکیوٹر کو تفویض کیا ہے۔ 
کابینہ نے سمندری معلومات کے قومی مرکز کے قیام، رئیل اسٹیٹ کنٹریبیوشن سسٹم، روایتی آرٹ کے شاہی مرکز کی تنظیم کی بھی منظوری دی۔ 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ’ ٹریفک سلامتی کی کمیٹی عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے کی مجاز ہوگی‘۔ 
 

 

شیئر: