Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی صدر کا جنین میں پناہ گزین کیمپ کا دورہ

جنین کیمپ میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے باعث 12 فلسطینی ہلاک ہوئے۔ فوٹو عرب نیوز
فلسطینی صدر محمود عباس نے بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں فلسطینیوں کے  پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 2005 سے قائم جنین کیمپ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے گزشتہ ہفتے تباہ کن جارحیت کے پیش نظر فلسطینی صدر کا یہ پہلا دورہ تھا۔
فلسطین کے87 سالہ صدر محمود عباس اپنے ہیڈکوارٹر سے باہر شاذونادر ہی عوام کے ساتھ رابطے میں دیکھے جاتے ہیں اس تناظر میں جنین کیمپ میں صدر کا دورہ قابل ذکر سمجھا جا رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں دو روزہ فوجی آپریشن گذشتہ دو دہائیوں میں سب سے بڑا آپریشن ہے جس میں کم از کم 12 فلسطینی ہلاک ہوئے، ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور وہاں سے چلے گئے۔
اسرائیلی فوجی آپریشن کے بعد جنین کیمپ کا بڑا حصہ کھنڈرات کے مناظر پیش کر رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے حالیہ کارروائیوں میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا تھا جس کے بعد اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ فلسطینی عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن ضروری تھا۔

محمود عباس نے جنین آپریشن میں ہلاک ہونے والوں کی قبروں پر پھول چڑھائے۔ فوٹو اے پی

فلسطینی صدر محمود عباس بدھ کی سہ پہر ایک اردنی ہیلی کاپٹر کے ذریعے جنین پہنچے جہاں فلسطینیوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ سڑک کے راستے پناہ گزیں کیمپ پہنچے۔
فلسطینی صدر نے جنین پہنچ کر جم غفیر سے خطاب کرنے سے قبل گزشتہ ہفتے کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی قبروں پر پھول چڑھائے۔
واضح رہے کہ فلسطین اتھارٹی میں محمود عباس کی قیادت سیکورٹی کوآرڈینیشن کے فقدان، بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور آزادی کی جانب پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔
جون میں فلسطینی رائے عامہ کے سروے کے مطابق صرف 17 فیصد فلسطینی، محمود عباس کی قیادت سے مطمئن ہیں اور 80 فیصد چاہتے ہیں کہ وہ استعفیٰ دیں۔

اسرائیلی کارروائیوں میں 150 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو روئٹرز

فلسطینی اتھارٹی نے طویل عرصے سے اسرائیل کے ساتھ اپنے سیکیورٹی تعاون پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے جو اس کی سیکیورٹی فورسز کو حریف عسکریت پسند گروپوں جیسے کہ حماس کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن جنین کیمپ میں چھاپہ مار کارروائیوں  نے فلسطینیوں میں اس کی ساکھ  مزید خراب کی ہے۔
فلسطینی علاقوں میں گزشتہ سال کے دوران اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے والے فلسطینی حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے تیزی سے کارروائیاں کی ہیں۔
اسرائیلی فوج کی ان کارروائیوں میں 150 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اسرائیلیوں کے خلاف فلسطینی حملوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

شیئر: