اسرائیلی فوج کی جنین کیمپ میں فائرنگ، ایک فلسطینی ہلاک، 12 زخمی
اسرائیلی فوج کی جنین کیمپ میں فائرنگ، ایک فلسطینی ہلاک، 12 زخمی
ہفتہ 9 اپریل 2022 21:31
فلسطینی کا گھر مسمار کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے تیاری کر لی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے مارے گئے چھاپے کے دوران ایک فلسطینی ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ چھاپہ ایک فلسطینی کے والد کی گرفتاری کے لیے مارا گیا جس نے جمعرات کو تل ابیب میں ایک شراب خانے پر فائرنگ کر کے تین اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعدازاں اسرائیلی فورسز نے اس فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
فلسطینیوں کے پناہ گزین کیمپ میں اس چھاپے کے بعد کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی تاہم اسرائیلی فوجی کارروائی کے بعد وہاں سے نکل گئے۔
مغربی کنارے کے ساتھ سرحدوں پر مستقبل میں کسی بھی فلسطینی حملہ آور کی مداخلت کو روکنے کے لیے اسرائیل نے دفاعی دستوں کی تعیناتی مزید مضبوط کی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطینی صدر محمود عباس کو امریکہ کے ذریعے ایک پیغام میں حملہ آور کے والد کی پنشن روکنے کا کہا گیا ہے، وہ فلسطینی اتھارٹی میں سیکیورٹی افسر کے عہدے سے ریٹائر ہیں۔
جنین کے گورنر میجر جنرل اکرم رجب نے بتایا ہےکہ اسرائیلی فوج نے جو کچھ کیا وہ جنین کے رہائشیوں اور اس کیمپ کے خلاف انتقامی اقدامات اور اسرائیلی رائے عامہ کو مطمئن کرنے کے لیےہے۔
اکرم رجب کا کہنا تھا کہ اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے تل ابیب کے حملہ آور کے والد کو گرفتاری پیش کرنے کا کہا تھا لیکن جب انہوں نے انکار کیا تو وہ اسرائیلی سیکیورٹی فورس بڑی طاقت کے ساتھ انہیں گرفتار کرنے کے لیے پہنچ گئی۔
جنین کے گورنر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پناہ گزین کیمپ میں عوامی غصے کا فائدہ اٹھا کر بنیاد پرستوں کی جانب سے تشدد بڑھایا جا سکتا ہے جس سے فلسطین کی سلامی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
جنین کیمپ کے رہائشی منصور السعدی کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں حملہ کرنے والے فلسطینی کا گھر مسمار کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے تیاری کر لی ہے جس سے صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ مسلح تصادم میں مارے جانے والے فلسطینی احمد السعدی کی یاد میں ہفتے کے روز فلسطینیوں نے بڑے پیمانے پر سوگ منایا ہے۔
اس موقع پر فلسطینیوں نے مغربی کنارے میں رہنے والے 30 لاکھ فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے اجتماعی سزا کے نفاذ کی مخالفت کی ہے۔